Site icon Asre Hazir

اومی کرون کے بڑھتے کیسوں کے بعد مرکزی حکومت نے ریاستوں کو جاری کیا الرٹ

حیدرآباد:21/ڈسمبر (عصرحاضر) کورونا کی نئی شکل اومی کرون پر مرکزی حکومت نے ریاستوں کو تازہ ہدایات جاری کیا ہے۔ مرکز نے ریاستوں کو تمام احتیاطی اقدامات کرنے اور ضرورت پڑنے پر نائیٹ کرفیو نافذ کرنے کے علاوہ آفسوں میں عملہ کی تعداد گھٹانے ، ہجوم کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکنے کے علاوہ ٹرانسپورٹ پر بھی تحدیدات عائد کرنے پر زور دیا ہے۔ مرکزی محکمہ صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے آج شام تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے حکام کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا کی نئی شکل اومی کرون ڈیلٹا کے بہ نسبت تین گنا تیزی سے پھیل رہی ہے ، جس پر تمام ریاستوں کو سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے ۔ اومی کرون پر قابو پانے کیلئے فوری وار رومس کو سرگرم کرنے پر زور دیا ۔ مرکزی ہیلت سکریٹری نے بتایا کہ ملک کے مختلف مقامات پر ڈیلٹا کے کیس کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا ہے ۔ ساتھ ہی اومی کرون کیس کی تعداد 200 سے تجاوز کرچکی ہے جس پر ریاستوں کو فوری ایکشن میں آنے کی ضرورت ہے ۔ تھوڑی سی بھی غفلت اور لاپرواہی بہت بڑا نقصان کرسکتی ہے ۔ اومی کرون کو کنٹرول کرنے کیلئے ریاستوں کو ضلعی سطح پر سخت نگرانی رکھنے کیلئے سخت فیصلے کرنے بھی تیار رہے۔ جن علاقوں میں کیسس بڑھ رہے ہیں وہاں کنٹونمنٹ زونس قائم کریں۔ ایک ہی مقام پر زیادہ لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت نہ دی جائے ۔ دفاتر میں عملہ کی تعداد کو گھٹایا جائے ۔ ٹرانسپورٹ کی سرگرمیوں پر تحدیدات عائد کرنے کا مکتوب میں مشورہ دیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ ہاسپٹلس میں بیڈس، ایمبولنس ، آکسیجن کے آلہ جات ، ادویات اور طبی سہولتوں میں اضافہ کرنے کیلئے ایمرجنسی فنڈس کا استعمال کرلینے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ صد فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی جائے ۔

ADVERTISEMENT
Exit mobile version