نئی دہلی: 24؍جنوری (عصرحاضر) متعدد سے ذرائع سے یہ خبر موصول ہورہی ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا مارچ یا اپریل تک 100 ، 10 روپے اور 5 روپے سمیت کرنسی نوٹوں کی پرانی سیریز واپس لینے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے جانکاری دی ہے کہ جلد ہی یہ نوٹ چلن سے باہر ہوسکتے ہیں۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے اسسٹنٹ جنرل مینیجر بی مہیش نے کہا کہ آر بی آئی ان پرانے نوٹوں کی سیریز کو واپس لینے کے منصوبہ پر کام کررہی ہے۔ منی کنٹرول کی ایک خبر کے مطابق بی مہیش نے یہ بات ڈسٹرکٹ لیول سیکورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں کہی ہے ۔ دراصل 100 روپے ، 10 روپے اور پانچ روپے کے پرانے نوٹ کے بدلے نئے نوٹ پہلے سے ہی سرکولیشن میں آچکے ہیں ۔ اسی لیے پُرانے نوٹوں کے نمبرات والی سیریز کو واپس لے کر انہی نمبرات کے نئے نوٹ جاری کردیئے جائیں گے۔ جس سے پرانے نوٹ بند بھی ہو جائے تو لوگوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
آپ کو بتادیں کہ ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا کہ لوگوں کو نوٹ بندی کے وقت کافی پریشانی ہوئی تھی تو اس مرتبہ آر بی آئی یہ یقینی بنائے گا کہ جتنے پرانے نوٹ سرکولیشن میں ہیں ، اتنے ہی نئے نوٹ مارکیٹ میں آجائیں ، جس سے لوگوں کو کوئی پریشانی نہ ہو اور اس سیریز کو اچانک بند نہیں کیا جائے گا ۔
ریزرو بینک آف انڈیا نے سال 2019 میں جب 100 روپے کے نوٹ جاری کئے تھے ، تبھی واضح کردیا تھا کہ پہلے جاری کئے گئے سبھی 100 روپے کے نوٹ بھی قانونی طور پر چلتے رہیں گے ۔ اس کے علاوہ آر بی آئی نے 8 نومبر 2016 کو نوٹ بندی کے بعد 2000 روپے نوٹ کے علاوہ 200 روپے کے نوٹ جاری کئے تھے ۔
آپ کو بتادیں کہ آر بی آئی وقتا فوقتا پرانے نوٹوں کو واپس لیتا رہتا ہے اور نئے نوٹ جاری کرتا رہتا ہے ۔ جعلی نوٹوں پر لگام لگانے کیلئے آر بی آئی کی جانب سے یہ قدم اٹھایا جاتا ہے ۔ آفیشیل اعلان کے بعد بند کئے گئے سبھی پرانے نوٹوں کو بینک میں جمع کرانا ہوتا ہے ۔