Site icon Asre Hazir

لائبریری کے متعلق ڈی ایم نے پھر بھیجا دارالعلوم دیوبند کونوٹس

دیوبند،29؍ اگست(سمیر چودھری)دارالعلوم دیوبند کی لائبریری کی تعمیر سے متعلق پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کی ٹیکنیکل رپورٹ آنے کے بعد اب ایک مرتبہ پھر ضلع کلکٹرنے دارالعلوم دیوبند کو نوٹس بھیج کر جواب طلب کیاہے اور کہاکہ دارالعلوم دیوبند سے جواب آنے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائے گی۔ گزشتہ دنوں دارالعلوم دیوبند میں زیر تعمیر لائبری کی چھت پر ہیلی پیڈ بنائے جانے کی شکایت پر انتظامیہ حرکت میں آئی تھی،جس کے بعد یہ سلسلہ جاری ہے، اس کے بعد ہیلی پیڈ اور لائبریری کی تعمیر کے لئے اجازت نامہ ، این او سی و نقشہ و غیرہ طلب کئے گئے ۔ اس کے بعد اس پورے کے معاملہ کی شکایت بجرنگ دل کے لیڈر نے وزیر اعلیٰ کے یہاں تحریری طورپر کی تھی،جس پر کمشنر کو جانچ کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، جسکے بعد ڈی ایم آلوک کمار پانڈے اور ایس ایس پی دنیش کمار پی اپنے پورے لاؤ لشکر کے ساتھ دارالعلوم دیوبند پہنچے تھے،جانچ کے بعد ڈی ایم نے کہا تھا کہ پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کو پورے معاملہ کی جانچ دی گئی ہے، جانچ رپورٹ آنے کے بعد آگے کی کارروائی کی جائیگی۔ گزشتہ ہفتے پی ڈبلیو ڈی انجینئر نے اپنی رپورٹ ڈی ایم کوسونپ دی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بلڈنگ تعمیر کرنے میں تعمیرات کے کئی ضوابط کو نظر انداز کیاگیا ہے ،ساتھ ہی لائبریری کی چھت ، اس کانقش، آس پاس کی آبادی،نقشہ، این اوسی اور دوسرے کئی نکات کے متعلق سوالات کھڑے کئے گئے ہیں۔ گزشتہ روز دارالعلوم دیوبند کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے نوٹس بھیج دیا گیا ہے ۔ڈی ایم آلو ک کمار پانڈے کا کہنا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کو نوٹس بھیج دیا گیا ہے ،نوٹس کا جواب آنے کے بعد آگے کی کارروائی پر فیصلہ لیا جائیگا۔

ADVERTISEMENT
Exit mobile version