دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اجلاس کئی اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر

دیوبند،23؍ جون(سمیر چودھری) ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ کا اجلاس کئی اہم فیصلوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، حالانکہ تعلیمی سلسلہ شروع کرنے کے متعلق تمام فیصلہ مجلس تعلیمی کے سپرد کردیئے گئے ہیں، جس کے بعد مجلس تعلیمی نے اس سال داخل کئے گئے سبھی طلبہ کی فہرستیں جاری کردی ہیں۔ مختلف نشستوں پرمشتمل دو روزہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں اکثر ممبران نے شرکت کی اور ادارہ کے تعمیری ،تعلیمی او رمالیاتی امور سمیت کئی اندرونی اہم مسائل کے متعلق تبادلۂ خیال کرکے فیصلے لئے گئے۔ اس دوران تعلیمی سلسلہ شروع کرنے سے متعلق واضح طور پر عاملہ کا کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے لیکن ذرائع کے مطابق تعلیمی امور کے متعلق تمام تر فیصلے مہتمم و شیخ الحدیث مولانا ومفتی ابوالقاسم نعمانی، صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی اور مجلس تعلیمی کے سپرد کئے گئے ہیں۔ جس کے بعد مجلس تعلیمی نے بدھ کے روز تکمیلات میں مطلوب آن لائن داخلہ کی درخواستوں پرکارروائی کرتے ہوئے تمام نتائج جاری کردیئے ہیں ۔ وہیں دوم عربی تا چہارم عربی تک کے تمام داخل طلبہ کے لئے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اعلان جاری کرکے انہیں ضروری ہدایات کی اور یکم جولائی تک ادارہ میں پہنچ کر داخلہ کی جملہ کارروائی مکمل کرانے کی ہدایت دی ہے۔دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی کی جانب سے جاری کردہ اہم علان میں کہاکہ دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ نے یہ طے کیا ہے کہ درجہ عربی دوم ،سوم،چہارم میں داخل قدیم طلبہ اور آن لائن درخواستوں کی بنیاد پر تکمیلات، تخصصات اور شعبہ جات میں جن طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے، صرف وہی طلبہ یکم جولائی 2021 ء تک دیوبند حاضر ہوکر اپنے داخلہ کی تکمیل سے متعلق کارروائی عمل میںلائیں،تاکہ قانونی اجازت حاصل ہونے کے بعد فوراً تعلیمی سلسلہ شروع کیا جاسکے۔متعین تاریخ تک حاضر نہ ہونے کی صورت میں داخلہ ختم کردیا جائے گا۔مفتی ابوالقاسم نعمانی نے طلبہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ سفر کے دوران اور عام حالات میں بھی کووڈ19؍ سے متعلق حکومت اور محکمہ صحت کی ہدایت کی سختی سے پابندی کریں،ماسک کا استعمال اور ضروری فاصلہ کا خیال رکھیں،بقیہ طلبہ کے سلسلہ میں حالات کے پیش نظر بتدریج اعلانات کئے جائینگے۔ ادھر مجلس تعلیمی نے آن لائن درخواستوں کی بنیاد پر تکمیلات کے سبھی درجات میں داخل کئے گئے طلبہ کی فہرستیں جاری کردی ہیں۔ مجلس تعلیمی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق شعبہ مطالعہ عیسایت و دیگر مذاہب میں دس طلبہ کے داخلہ منظور کئے گئے۔شعبہ شیخ الہند اکیڈمی میں بھی منتخب کئے گئے دس طلبہ کے ناموں کی فہرست جاری کردی گئی۔شعبہ ٔ تحفظ سنت میںداخل کئے گئے 15؍ طلبہ کا نتیجہ بھی جاری کردیا گیا۔ شعبہ تکمیل افتاء میں 41؍ طلبہ جبکہ شعبہ تکمیل ادب کے داخل طلبہ کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ تعلیمی نظام شروع کرنے کے متعلق ملک کے اکثر و بیشتر مدارس دارالعلوم دیوبند کے فیصلے کے منتظر ہیں۔

Exit mobile version