دیوبند: 23؍جون (عصرحاضر) دارالعلوم دیوبند کی مجلس عاملہ نے یہ طے کیا ہے کہ درجہ عربی دوم، سوم، چہارم میں داخل قدیم طلبہ اور آن لائن درخواستوں کی بنیاد پر تکمیلات ، تخصصات اور شعبہ جات میں جن طلبہ کا انتخاب عمل میں آیا ہے صرف وہی طلبہ یکم جولائی 2021ء تک دیوبند حاضر ہوکر اپنے داخلہ کی تکمیل سے متعلق کارروائی عمل میں لائیں، تاکہ قانونی اجازت حاصل ہونے کے بعد فوراً تعلیمی سلسلہ شروع کیا جاسکے۔ متعین تاریخ تک حاضر نہ ہونے کی صورت میں داخلہ ختم کردیا جائے گا۔
طلبہ عزیز سفر کے دوران اور عام حالات میں بھی کووڈ 19سے متعلق حکومت اور محکمۂ صحت کی ہدایات کی سختی سے پابندی کریں۔ ماسک کے استعمال اور ضروری فاصلہ کا خیال رکھیں۔ بقیہ طلبہ کے سلسلہ میں حالات کے پیشِ نظر بتدریج اعلانات کیے جائیں گے۔ طلبہ عزیز انتظار کریں۔