دیوبند،21؍ اکتوبر(سمیر چودھری) شہرکی مشہور و قدیم مسجد قاضی مسجد کی منتظمہ کمیٹی کی ایک میٹنگ کاانعقاد آستانہ قاسمی پر عمل میں آیا،جس میںمسجد کی توسیع اور مسجد کے اخراجات کی تکمیل کے لئے مسجد کی آمدنی میں اضافہ کے متعلق سمیت کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی کی صدارت میںمنعقد اس میٹنگ میں مسجد کی منتظمہ کمیٹی کے اکثر وبیشتر ممبران نے شرکت کی۔ اس دوران شرکاء نے اتفاق رائے سے مسجد کی آمدنی بڑھانے کے لئے ایک چندہ بوکس رکھنے کی تجویز کی منظوری دی ساتھ ہی مسجد کی دکانوں کا کرایہ بڑھانے کے متعلق بھی مشورہ ہوا۔میٹنگ میں تمام ممبران نے اتفاق رائے سے مسجد کی خالی پڑی دکان کو کرائے پر دینے اور مسجد کی توسیع سے متعلق بھی فیصلہ لیا۔بتایا گیا کہ قاضی مسجد کے قریب دکانوں کی تعدادبڑھ جانے کے سبب مسجد میںنمازیوں میں بھی کافی اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے مسجد تنگ ہوتی جا رہی ہے اس لئے مسجد کی توسیع کا کام بہت ضروری ہے نیز امام مؤ ذن اور خادم کی باقاعدہ تنخواہ دیئے جانے سے متعلق بھی مشورہ کے بعد فیصلہ لیاگیا۔قبل ازاں میٹنگ کا اآغاز زید اطہر کی تلاوت کلام اللہ اور فیض اکمل کی نعت پاک سے ہوا۔نظامت کے فرائض قاری محمد وامق نے انجام دیئے۔ میٹنگ میں کمیٹی کے صدر و سرپرست مولانا سفیان قاسمی ،مولانادلشاد قاسمی (متولی ) انجم صدیقی ،سعود انور،راحت خلیل ،انصار مسعودی ،ہلال عثمانی ،ماسٹر حافظ نجم صدیقی ،مولوی صدرالزماں ،حارث سید ،مولوی عثمان غنی، مولوی قدرالزماں،قاری محمد شارق ،محمد جلیس،قاری محمد وامق شامل رہے۔ مولانا سفیان قاسمی کی دعاء پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔