Site icon Asre Hazir

تلنگانہ سے عازمینِ حج کے قافلے 20؍جون سے روانہ ہوں گے، ریاستی عازمین کے لیے سعودی ایئرلائنس مختص

حیدرآباد:25؍مئی (عصرحاضر) تلنگانہ سے عازمین حج سعودی ایر لائنس کی پروازوں سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوں گے۔ جاریہ سال عازمین کی روانگی کے سلسلہ میں تلنگانہ کیلئے سعودی ایر لائنس الاٹ کی گئی ہے۔ 20 جون سے پروازوں کا آغاز ہوگا اور 30 جون کو آخری پرواز روانہ ہوگی۔ خصوصی طیارے میں 377 عازمین کی گنجائش رہے گی۔ حج ہاوز نامپلی میں 18 جون سے حج کیمپ کا آغاز ہوگا۔ سعودی ایر لائنس کے عہدیداروں نے آج صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم اور ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے عازمین کی روانگی اور واپسی کے شیڈول سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ 20 تا 30 جون جملہ 8 پروازیں رہیں گی۔ اسی طرح 28 جولائی سے حجاج کرام کی واپسی کا آغاز ہوگا اور 6 اگسٹ کو آخری قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچے گا۔ روانگی کی فلائیٹس حیدرآباد سے جدہ روانہ ہوں گی۔ سعودی ایر لائنس کے عہدیداروں نے دوران سفر عازمین کو دیئے جانے والے اسناکس کے بارے میں واقف کراتے ہوئے ایک کٹ حوالے کیا۔ گزشتہ مرتبہ عازمین کو متنازعہ ڈرنک حوالے کی گئی تھی لہذا حج کمیٹی نے ایر لائنس سے سربراہ کی جانے والی اشیاء کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی نے بتایا کہ تلنگانہ سے 1820 عازمین روانہ ہوں گے جبکہ آندھرا پردیش کے 900 سے زائد عازمین کی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی۔ کرناٹک اور مہاراشٹرا کے بعض علاقوں کے عازمین کے بشمول جملہ 3,500 عازمین حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوں گے۔ محمد سلیم نے واضح کیا کہ حکومت سعودی عرب نے 16 ممالک کیلئے سعودی شہریوں کے سفر پر پابندی عائد کی ہے لیکن سعودی عرب روانگی کیلئے ہندوستان سے کوئی پابندی نہیں ہے۔ ایگزیکیٹو آفیسر بی شفیع اللہ نے حج کیمپ کی سہولتوں سے واقف کرایا۔

ADVERTISEMENT
Exit mobile version