لکھنؤ، 28 اکتوبر (عصرحاضر) اتر پردیش میں اہم اپوزیشن سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر ایم ایل اے اعظم خان کو اشتعال انگیز بیان دینے کے الزام میں تین سال کی سزا سنائے جانے کے بعد جمعہ کو ان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کر تے ہوئے اسمبلی سیٹ خالی اعلان کی گئی۔
اسمبلی کے پرنسپل سکریٹری پردیپ کمار دوبے نے یو این آئی کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسمبلی سکریٹریٹ نے اعظم کے انتخاب والی رام پور صدر سیٹ کو خالی اعلان کیا ہے۔ اعظم خان کو رامپور کی خصوصی عدالت (ایم پی ایم ایل اے) نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور رام پور کے اس وقت کے ضلع مجسٹریٹ کے بارے میں اشتعال انگیز بیانات دینے کے لیے مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے جمعرات کو اپنے فیصلے میں اعظم کو تین سال قید کی سزا بھی سنائی۔
عدالت کے فیصلے پر اسمبلی اسپیکر ستیش مہانا نے آج نوٹس لیتے ہوئے عوام کی نمائندگی ایکٹ کے تحت اعظم خان کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کا حکم دیا۔ دوبے نے کہا کہ اس حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اسمبلی سکریٹریٹ نے رام پور صدر سیٹ کو خالی قرار دیا ہے۔ اس سال مارچ میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں اعظم خان نے رام پور صدر سیٹ سے ایس پی امیدوار کے طور پر کامیابی حاصل کی تھی۔ الیکشن کمیشن کو اس بارے میں باضابطہ اطلاع دینے کے بعد رام پور صدر سیٹ پر جلد ہی ضمنی انتخاب کرایا جائے گا۔
اعظم خان کو نفرت انگیز تقریر معاملہ میں تین سال قید کی سزا سنانے کے بعد ان کی اسمبلی کی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی
ADVERTISEMENT