ویمنس ونگ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے تحت آن لائن ورکشاپ بنت المسلم کے انعقاد کی تیاریاں جاری

حیدرآباد: یکم؍جنوری (عصرحاضر) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے تحت جنوری 5، 6، 7 بروز منگل، بدھ، جمعرات کو ویمنس ونگ یوٹیوب چینل پر لڑکیوں کے لئے خصوصی ورکشاپ بنت المسلم منعقد کیا جارہا ہے، اور اس ورکشاپ میں شرکت کے لئے گوگل فارم کے ذریعہ لڑکیاں رجسٹریشن کروا رہی ہیں۔
https://forms.gle/aW7T9DEGETNfMgRAA
بنت المسلم ورکشاپ تینوں دنوں میں دو سیشنز میں منعقد ہوگا، صبح کا سیشن 11 تا 1 بجے اور شام کا سیشن 6:30 سے 8:30 بجے رکھا گیا ہے۔ اس ورکشاپ میں طالبات کے خطابات کے ساتھ ساتھ بورڈ کی خاتون اراکین اور سینئر علماء کرام کے خصوصی خطابات ہوں گے، مولانا سید محمد ولی رحمانی دامت برکاتہم جنرل سیکرٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا 5 جنوری صبح 11 تا 1 بجے کے سیشن میں خصوصی افتتاحی خطاب ہوگا، مولانا عمرین محفوظ رحمانی سیکرٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ، مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی صاحب دامت برکاتہم رکن عاملہ مسلم پرسنل لاء بورڈ کے دوسرے دن 6 جنوری کو صبح اور شام کے سیشن میں خصوصی خطابات ہوں گے۔
پروگرام کورڈینیٹر محترمہ فاطمہ مظفر رکن مسلم پرسنل لاء بورڈ چنائی نے کہا کہ یہ ورکشاپ اردو انگریزی دونوں زبانوں کی طالبات کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ لڑکیوں کی دلچسپی میں اضافہ کرنے حمد، نعت، ترانہ، اسکیٹ شامل کئے گئے ہیں۔ اسکولز، کالجز اور مدرسہ کے منتظمین سے خصوصی دلچسپی لے کر اس دعوت کو عام کرنے کی گزارش ہے۔
جوائنٹ کورڈینیٹر محترمہ ڈاکٹر عرشین خان نے کہا کہ بنت المسلم ایک دعوت ایک تحریک ہے، ملت کی بیٹیوں کو قرآن، حدیث کی تعلیمات سے جوڑنا اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کی زندگیوں کو رول ماڈل بنانے کی ترغیب دینا وقت کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں بیٹیوں میں اللہ کی محبت عشق رسول پیدا کرنا اور انہیں حیا کا پیکر بنانا ایک بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ کے ذریعہ طالبات میں شعور بیدار ہوگا اور ان کی تربیت اور تعمیر سیرت کے لئے ویمنس ونگ کے مختلف آن لائن آف لائن پروگرامز سے آئندہ بھی انہیں جوڑا جائے گا۔
آل انڈیا بنت المسلم سہ روزہ ورکشاپ چیف آرگنائزر شعبہء خواتین آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ  محترمہ ڈاکٹر اسماء زہرہ صاحبہ کے زیر نگرانی و رہنمائی انجام پائے گا۔ انہوں نے دعاؤں کے اہتمام اور اس کی دعوت و اشاعت کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے۔

Exit mobile version