مغربی بنگال میں گواہاٹی-بیکانیر ایکسپریس پٹری سے اُترنے کی وجہ سے دردناک حادثہ‘ 5؍ہلاک 45؍زخمی
ڈوموہانی: 13؍جنوری (عصرحاضر) مغربی بنگال میں ایک بڑے ریل حادثے کی خبر سامنے آئی ہے ۔ موصولہ جانکاری کے مطابق گواہاٹی ۔ بیکانیر ایکسپریس 15633 ( اپ) آج شام تقربیا پانچ بجے ڈوموہانی ( مغربی بنگال) کے پاس پٹری سے اتر گئی ۔ اس حادثہ میں 5 لوگوں کی موت ہوگئی ہے ساتھ ہی کئی لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ملی ہے ۔ جائے واقعہ پر راحت اور بچاو کام جاری ہے ۔ ٹرین کے ڈبوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ وہیں ایک مسافر نے دعوی کیا ہے کہ اچانک جھٹکا لگنے کے بعد ٹرین کے کئی ڈبے پلٹ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کئی لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔
بینکانیر سے گواہاٹی اس ٹرین کے موناگڑی پار کرتے وقت یہ حادثہ پیش آیا ۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے کے متعلقہ افسران جائے واقعہ پر پہنچ گئے اور راحت و بچاو کام شروع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ۔ اس واقعہ کے بعد ایک اعلی سطحٰی جانچ کا حکم دیا گیا ہے ۔
جلپائی گڑی کی ضلع مجسٹریٹ مومتا گوڈالا بسو کے مطابق حادثہ میں کم سے کم تین لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 20 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ حادثہ میں زخمی لوگوں کو ڈبوں سے نکال کر ابتدائی علاج و معالجہ کے بعد ضرورت کے مطابق نزدیکی اسپتال میں بھیجا جارہا ہے ۔
حادثہ میں متاثرہ لوگوں کی جانکاری حاصل کرنے کیلئے انتظامیہ نے گواہاٹی کے دو ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کئے ہیں ۔ 03612731622 اور 03612731623 ریلوے ہیلپ لائن کے ان دو نمبروں پر فون کرکے جانکاری حاصل کی جاسکتی ہے ۔
ہندوستانی ریلوے کے مطابق حادثہ میں ٹرین کے بارہ ڈبے متاثر ہوئے ہیں ۔ جائے واقعہ پر ڈی آر ایم پہنچ چکے ہیں ۔ ساتھ ہی ایک راحت ٹرین اور میڈیکل وین بھی جائے واقعہ پر پہنچ گئی ہے ۔