احوال وطن

دھرم سنسد میں نفرت انگیز تقاریر معاملہ؛ جتیندر تیاگی (وسیم رضوی) گرفتار

ہری دوار : 13؍جنوری (عصرحاضر) ہری دوار سے اس وقت بڑی خبر سامنے آرہی ہے ۔ ہری دوار نفرت انگیز تقریر کے معاملہ میں وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ہری دوار پولیس نے انہیں نارسرن بارڈر سے گرفتار کیا ہے ۔ انہوں نے دھرم سنسد میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی ۔ جتیندر نارائن تیاگی کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کو لے کر ہری دوار نگر کوتوالی میں کیس درج ہے ۔ اس معاملہ کی جانچ ایس آئی ٹی کررہی ہے ۔ بتادیں کہ اشتعال انگیز تقریر کرنے کے معاملہ میں چار دیگر لوگوں کے خلاف بھی معاملہ درج ہے ۔ وسیم رضوی عرف جتیندر نارائن تیاگی شیعہ وقف بورڈ کے صدر بھی رہ چکے ہیں ۔

ہری دوار نفرت انگیز تقریر کا معاملہ سپریم کورٹ میں بھی پہنچ گیا ہے ۔ اس معاملہ میں سپریم کورٹ نے ہری دوار اور دہلی میں مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کرنے کے معاملہ میں اتراکھنڈ حکومت کو نوٹس جاری کرکے 10 دنوں کے اندر جواب طلب کیا ہے ۔ سپریم کورٹ نے یہ حکم اس عرضی پر سماعت کرتے ہوئے دیا ، جس میں نفرت انگیز تقریر کرنے والے لوگوں کے خلاف جانچ اور کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس کے بعد اتراکھنڈ پولیس کے ذریعہ قائم کردہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایس آئی ٹی نے اپنی جاری جانچ میں دو نامزد ملزمین اور کم از کم 12 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کئے ۔

ایس آئی ٹی کررہی ہے جانچ

اس معاملہ کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی بھی تشکیل دی گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم میں شامل ایک پولیس افسر نے بتایا کہ نفرت انگیز تقریر کیس میں اب تک پانچ میں سے دو ملزمان سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے ۔ ان کا بیان بدھ کو ریکارڈ کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ ایس آئی ٹی نے 12 اور لوگوں کے بیانات بھی بطور گواہ ریکارڈ کئے ہیں ، جن میں کیس کے شکایت کنندگان بھی شامل ہیں ۔ پولیس جلد ہی باقی تین دیگر ملزمان سے پوچھ گچھ کرے گی ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×