آئینۂ دکن

شہر حیدرآباد میں مسلسل بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب

حیدرآباد: 15؍جولائی (عصرحاضر) ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں مزید بارش کا امکان ہے۔ کل رات ہوئی شدید بارش کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کے مختلف نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ بیرامل گوڑہ کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا جس سے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر حیدرآباد میں کل شام شروع ہوئی بارش کا سلسلہ صبح تک بھی جاری رہا۔ شہر کے بیشتر مقامات بشمول حمایت ساگر، اُپل، سرورنگر اور سعیدآباد میں زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

وہیں، بنڈلہ گوڑہ، اُپل میں 212.5 ملی میٹربارش ہوئی۔ ونستھلی پورم میں 192.3 ملی میٹربارش ہوئی۔کاپرا، سیری لنگم پلی، خیریت آباد، گولکنڈہ اور ماریڈ پلی میں اوسط بارش ہوئی۔ حیدرآباد میں تاحال جولائی میں 243.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 43.9 فیصد زائد ہے۔

تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے ماہرین نے تلنگانہ کے مختلف مقامات پر شدید بارش ہونے پیش گوئی کی ہے۔ شہر حیدرآباد میں آئندہ دو دنوں کے دوران ہلکی تا اوسط بارش کا امکان ہے۔ شہر میں توقع ہے کہ درجہ حرارت 28 تا 30 سنٹی میٹر کے درمیان درج کیا جائے گا۔وہیں شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 تا 22 ڈگری سلسیس کے درمیان درج کیے جانے کا امکان ہے۔
ریاست کے بیشتر اضلاع بشمول رنگاریڈی، میڑچل۔ملکاجگری، یادادری بھونگیر، جنگاوں، راجنا سرسلہ اور جگتیال میں شدید بارش ہوئی۔ ضلع میدک کے چیگنٹہ میں سب سے زیادہ 227.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پیشر و ضلع کریم نگر میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کئی حصوں میں شدید بارش ہوئی۔ جگتیال ضلع کے کتھلاپور میں سب سے زیادہ 145.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔اسی ضلع کے گووندارام میں 119.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔راجنا سرسلہ ضلع کے رُدرنگی میں 110.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔راجنا سرسلہ ضلع کے بیشتر علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایتھلاکنٹہ میں 90.8 ملی میٹر، میلارم میں 80.0 ملی میٹر، بوئن پلی میں 60 ملی میٹر، گاجاسنگارم میں 58.8ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔کریم نگر کے چیگرومامڈی اور رینی کنٹہ علاقوں میں 85.9ملی میٹر، وینکاپلی میں 72.0، ویناونکا میں 58.0 اور بورناپلی میں 54.3ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔بارش کی وجہ سے ورنگل ضلع میں تالاب اور کنٹے لبریز ہوگئے جس سے ضلع میں آمد ورفت متاثر ہوئی۔دریائے گوداوری کی سطح میں اضافہ پر عہدیداروں نے وارننگ جاری کی ہے اور نشیبی علاقوں کے عوام کو چوکس کردیا گیا ہے۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق شہر حیدرآباد میں مزید بارش ہوگی۔کل رات ہوئی شدید بارش کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کے کئی نواحی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ بیرامل گوڑہ کے مکانات میں پانی داخل ہوگیا جس سے نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہر کے جلیلاگوڑہ میں بھی کئی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا۔بارش کی وجہ سے ضروری اشیا اور دیگر سامان کو نقصان پہنچا ہے۔وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی نے مہیشورم حلقہ کے علاقہ میر پیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بارش کے پانی کی نکاسی کا فوری طورپر انتظام کرے۔ مقامی عوام نے ان کو مسائل سے واقف کروایا۔ناگول کے بھی کئی کالونیوں اور علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے بارش کا پانی جمع ہوگیا اور کئی افراد نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے رات جاگ کر گزاری۔ کئی افراد نے کہا کہ بارش کی وجہ سے ان کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×