حیدرآباد و اطراف
وزیر اعلی کے سی آر نے ریاستی کابینہ کا طلب کیا ہنگامی اجلاس
حیدرآباد:10/مئی (پریس ریلیز )وزیراعلی جناب کے چندرشیکھرراؤ کی زیر صدارت کل بروز منگل سہ پہر 2 بجے یہاں پرگتی بھون میں ریاستی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوگا۔ مذکورہ کابینی اجلاس میں ریاست میں کورونا معاملات میں تیزی سے اضافے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے متعلق فیصلہ لیا جائے گا۔ اطلاعات کے مطابق چند ریاستوں میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے باوجود کورونا معاملات میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے جس کے چلتے ریاست تلنگانہ میں لاک ڈاؤن کے نفاذ سے متعلق مختلف آراء سامنے آرہی ہیں۔ سماج کے ایک حلقے سے ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے حق میں تجاویز موصول ہورہی ہیں۔ ایسے میں ریاستی کابینہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے ممکنہ نتائج سے متعلق تبادلہ خیال کرے گی اور ساتھ ہی ساتھ لاک ڈاؤن کے نفاذ سے دھان کی خریدی کے جاریہ عمل پر پڑنے والے منفی اثرات سے متعلق بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے مناسب فیصلہ لے گی۔