تمام محکموں کے تعاون واشتراک سے اس بار عازمین کے لئے پہلے سے زیادہ بہتر انتظامات کئے جائیں گے: محمود علی
حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمودعلی نے کہاکہ سابق کی طرح اس سال بھی تلنگانہ کے عازمین حج کے لئے نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں گے۔ آج دفترحج کمیٹی میں حج کمیٹی کے نئے صدرنشین کے انتخاب کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تمام محکموں کے تعاون واشتراک سے اس بار عازمین کے لئے پہلے سے زیادہ بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے تلنگانہ میں عازمین حج کے لئے کئے جانے والے انتظامات کومثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹرکے سی آر کی قیادت میں اس معیار کو برقرار رکھاجائے گا۔حج کمیٹی کی تشکیل جدید کے بعد نامزداراکین کومبارکباد دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ عازمین حج کی خدمت بہت بڑا اعزازہے۔
اس عہدہ پر فائز ہونے والے افراد خوش قسمت ہیں اور انہیں توقع ہے کہ حج کمیٹی کے ارکان جذبہ خدمت خلق اور دینی حرارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین خدمت انجام دیں گے۔
قبل ازیں ڈائرکٹر مائناریٹی ویلفیر شاہنوازقاسم کی نگرانی میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے نئے صدرنشین کاانتخاب عمل میں آیا۔حج کمیٹی کی تشکیل جدید کے بعدآج منعقدہ پہلے اجلاس میں رکن اسمبلی نامپلی جعفرحسن معراج نے صدرنشین حج کمیٹی کے عہدے کیلئے محمدسلیم کا نام تجویز کیااورتمام اراکین نے تائید کی۔
صدرنشین حج کمیٹی منتخب ہونے کے بعد خطاب کرتے ہوئے محمدسلیم نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ کی قیادت اور وزیر داخلہ محمدمحمودعلی کے تعاون سے عازمین حج کے لئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ جاریہ سال تلنگانہ کے لئے 1822 عازمین کاکوٹہ مختص کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ وہ چیف منسٹرسے بات کرتے ہوئے کوٹہ میں اضافہ کے لئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ حج کمیٹی کاپہلا اجلاس19مئی کو منعقد ہوگا۔اس موقع پر رکن کونسل فاروق حسین اورنوتشکیل شدہ حج کمیٹی کے اراکین موجودتھے۔