آئینۂ دکن

تلنگانہ؛ تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کا پہلا قافلہ آج نصف شب حج ہاؤز نامپلی سے روانہ ہوگا، ریاستی حج کمیٹی کی تمام تیاریاں مکمل

حیدرآباد: 19؍جون (عصرحاضر) تلبیہ اور دعاؤں کی گونج میں 373 عازمین حج کا پہلا قافلہ اتوار کی نصف شب کو حج ہاوز نامپلی سے آر ٹی سی کے خصوصی بسوں کے ذریعہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوگا جہاں 20 جون کی اولین ساعتوں میں صبح سویرے 5-55 بجے روانہ ہوگا ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی روانگی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ حج ہاوز نامپلی کے قریب پرنور مناظر دکھائی دے رہا ہے ۔ عازمین حج اور انہیں روانہ کرنے کے لیے ان کے دوست احباب اور ارکان خاندان بڑی تعداد میں پہونچ رہے ہیں جس سے سارے علاقہ میں اچانک سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں ۔ صدر نشین ریاستی حج کمیٹی محمد سلیم عازمین حج کے لیے درکار تمام سہولتوں کا اپنی نگرانی میں جائزہ لے رہے ہیں اور عازمین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی یکسوئی کے لیے خصوصی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین اللہ کے مہمان ہوتے ہیں ان کی خدمت بہت بڑا اعزاز ہے ۔ حج کمیٹی کے تمام اراکین اور عملہ اس جذبہ سے خدمات انجام دے رہا ہے ۔ عازمین کو روانہ کرنے کے لیے مختلف اہم شخصیتیں حج ہاوز پر موجود رہیں گے ۔ جب کہ ایرپورٹ سے صدر نشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد سلیم ارکان حج کمیٹی ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور دیگر عمائدین عازمین کو اس مقدس سفر کے لیے وداع کریں گے ۔ پہلی فلائیٹ میں حیدرآباد کے 214 ، میدک کے 16 ، نلگنڈہ کے 44 ، سنگاریڈی کے 2 ، سدی پیٹ کے 16 ، گدوال کے 2 ، یادادری بھونگیر کے 12 اور میڑچل کے 71 عازمین شامل ہیں ۔ حج ہاوز میں جشن کا منظر دکھائی دے رہا ہے ۔ پہلی فلائیٹ کے عازمین حج کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے اور ساتھ ہی ان کا آر ٹی پی سی آئی ٹسٹ بھی ہوچکا ہے اور تمام عازمین کے کوویڈ ٹسٹ کا نتیجہ نگٹیو برآمد ہوا ہے ۔ آج دوسری فلائیٹ کے عازمین کا ٹسٹ کروایا گیا ۔ حج کمیٹی کے ارکان سید عرفان الحق ، محمد جعفر خان ، سید غلام احمد حسین بھی حج کیمپ میں موجود تھے ۔ ریاستی وزراء محمد محمود علی ، کے ایشور ، پرنسپال سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود احمد ندیم ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کے علاوہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار ایرپورٹ اور ایر لائنز کے عہدیداروں نے حج کیمپ نامپلی اور ایرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمنل میں عازمین کے خوشگوار انداز میں روانگی کا جائزہ لیا ۔ اس مرتبہ عازمین کی روانگی حج ٹرمنل کے بجائے انٹرنیشنل ایرپورٹ سے عمل میں آئے گی ۔ دو سال کے وقفہ کے بعد حج کیمپ کے انعقاد کے باعث مختلف محکمہ جات حج کمیٹی اور وقف بورڈ کے اسٹاف اور والینٹرس میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×