عالمی خبریں
امام کعبہ شیخ عبد الرحمن السدیس کے عہدے کی میعاد میں چار سال کی توسیع
ریاض: 11/فروری (ذرائع) مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ امام کعبہ ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن بن عبد العزیز السدیس کے عہدے کی میعاد میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مزید 4 سال کی توسیع کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ شیخ سدیس نے عہدے میں توسیع پر شاہ سلمان اور ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا کہ جنرل پریذیڈنسی اعلیٰ قیادت کے یہاں غیر معمولی اہم ہے۔ اعلی قیادت کی دلچسپی کی بدولت ہی جنرل پریذیڈنسی اپنے فرائض بہتر شکل میں انجام دے پارہی ہے۔ سدیس نے مزید کہا ’ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی اعلی قیادت کی ہدایات کے مطابق تمام امور بحسن و خوبی انجام دینے کی کوشش کرتا رہوں گا۔ سدیس 12 برس کی عمر میں حافظ قرآن ہوگئے تھے اور ام القری یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ہے ۔