کورونا کے قہر کے دوران یتیم ہونے والے پچاس سے زائد بچے صفا بیت المال کی کفالت میں‘ بارہ لاکھ روپئے امداد منظور
حیدرآباد: 22؍جون (پریس ریلیز) مرزا اکرم بیگ انچارج کفالت یتامیٰ کی اطلاع کے بموجب بتاریخ 21 جون 2021 دفتر صفا بیت المال واحد نگر قدیم ملک پیٹ حیدرآباد پر ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال ، مولانا محمد مصدق القاسمی سکریٹری اورمولانا وسیم الحق ندوی خازن نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں مولانا غیاث احمد رشادی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے یتیموں سے متعلق مختلف ہدایات اپنی امت کو دی ہیں۔ یتیموں کی کفالت بھی انبیاء کرام علیہم السلام کی سنت ہے۔ رسولِ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا دونوں جنت میں اس طرح قریب ہوں گے شہادت کی انگلی اور بیچ کی انگلی ان دونوں کو قریب کرتے ہوئے تھوڑا سا فاصلہ رکھ کر پیارے پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ بات ارشاد فرمائی۔ اس اجلاس میں کورونا سے فوت شدہ مرحومین کے یتیم بچوںکی تعلیمی کفالت کو منظوری دی گئی اور اس کے لئے پہلے مرحلہ میں 12 لاکھ روپئے منظور کئے گئے۔ اس موقع پر اُن یتیم بچوں کو ان کے سرپرستوں کے ساتھ بلایا گیا تھا جن کے والد کا انتقال کورونا وائرس کی دوسری لہر سے ہوا ہے۔ صفا بیت المال نے فی یتیم 25 ہزار روپئے سالانہ تعلیمی فیس کی ذمہ داری لی ہے۔ یکم جولائی سے ان تمام بچوں کے اسکولوں اور مدارس پہنچ کر صفا بیت المال کی جانب سے ان کی سالانہ تعلیمی فیس ادا کی جائے گی۔ واضح ہوکہ صفا بیت المال سے ساٹھ سے زائد یتیم بچوں نے رجوع کیا ہے اور ان میں سے مستحق پچاس بچوں کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے ہر ایک کے لئے 25 ہزار روپئے تعلیمی فیس کے طورپر راست متعلقہ اسکولوں تک پہنچائی جائے گی۔ صفا بیت المال اہلِ خیر سے اپیل کرتا ہے کہ ان یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری لیں جن کے والد کا انتقال کورونا وائرس سے ہوا ہے۔ صفا بیت المال ان تمام بچوں کی تحقیق کررہا ہے اور بعد تحقیق ان کی سالانہ تعلیمی فیس ادا کی جائے گی۔ جو اہلِ خیر ان یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت لیں گے انہیں متعلقہ بچوںکی سالانہ تعلیمی رپورٹ دی جائے گی۔ اہلِ خیر سیل نمبر 9394419820 / 21 پر ربط کریں۔