صفا بیت المال سے پہلے مرحلہ میں پچاس لاکھ روپئے مالیتی گھریلو اشیاء کی تقسیم
حیدرآباد: 29؍اکتوبر (پریس ریلیز) صفا بیت المال انڈیا جس نے زلزلوں ،طوفانوں اور سیلابوں نیز فرقہ وارانہ فسادات کے موقع پر بلا لحاظ مذہب و ملت ملک گیر سطح پر مظلوموں اور مجبوروں کی امداد کا مثالی سلسلہ گزشتہ پندرہ سالوں سے جاری رکھا ہے ۔اس تنظیم نے 14 اکتوبر کو ہوئی موسلادھار اور قیامت خیز شدید بارش کے فوری بعد 15 اکتوبر کی صبح ہی سے متاثرین میں خدمات کا سلسلہ شروع کردیا ۔مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال کی ایماء پر شہر حیدرآباد کے متعدد متاثرہ محلوں کے نمائندوں کو بروقت غذائی پیکٹس کی تقسیم پر مامور کردیا گیا۔ اسکے بعد محصورین کے ساز و سامان کی منتقلی اور مخلص والینٹرس کے ذریعہ کچرے اور کیچڑ میں لت پت مکانات کی صفائی اور مرحلہ وار محلہ جات کا سروے کا کام منظم انداز میں کیا گیا ۔مولانا غیاث احمد رشادی صدر صفا بیت المال ،مولانا محمد مصدق القاسمی سکریٹری، مولانا فصیح الدین ندوی جنرل سکریٹری، مولانا وسیم الحق ندوی خازن اور مفتی عبدالمہیمن اظہر القاسمی نائب صدر نے حافظ بابا نگر ، عثمان نگر، الجبیل کالونی، سیف کالونی اور احمد کالونی وغیرہ کا دورہ کیا اور یہ فیصلہ لیا کہ ان متاثرین کا جامع سروے کیا جائے اور حقیقی مستحقین تک پانچ ہزار تا دس ہزار کے کوپنس دئیے جائیں جس میں گھریلو اشیاء چولہا ،کوکر ،برتن ،بلانکٹ، چادر ،راشن اور کپڑے وغیرہ اشیاء دیئے جائیں۔ الحمد للہ، پہلے مرحلہ میں پچاس لاکھ روپیے مالیتی اشیاء کی تقسیم پرلس سٹی گارڈن بالاپور روڈ بابا نگر میں 28اور 29 اکتوبر کو تقسیم عمل میں آئی ۔تقسیم کے موقع پر ٹرسٹیان صفا بیت المال کے علاوہ حافظ پیر شبیر احمد صاحب صدر جمعیۃ العلماء تلنگانہ، مولانا عبد المغنی صاحب، مولانا عبد القوی صاحب ،مولانا جعفر پاشا صاحب اور مفتی مجاہد صاحب وغیرہ کے دست مبارک سے اشیاء کی تقسیم عمل میں آئی۔