تبلیغی جماعت پروپیگنڈہ پر میڈیا سنٹرس معافی مانگیں ورنہ ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا جائے گا
نئی دہلی: 15؍اپریل (عصر حاضر) عالمِ اسلام کی معروف و مؤقر شخصیت‘ صاحبِ نسبت عالمِ دین حضرت مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی ندوی سابق ترجمان آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے23سے زائد میڈیا ہاؤس کو تبلیغی جماعت کے بارے میں میڈیا کے گمراہ کن اور من گھڑت خبریں چلا کر پرپیگنڈہ کرنے اور ان کی تصویروں کے غلط استعمال پر سخت اعتراض کرتے ہوئے ہتک عزت کا قانونی نوٹس جاری کر کے غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر تعزیرات ہند کی دفعہ 449اور 500 کے تحت دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا معاملہ ان میڈیا سنٹرس کے خلاف درج کیا جائے گا۔ مولانا نے کہا کہ اس سے ان کی شبیہ کو سخت نقصان پہنچا ہے ۔ مولانا نعمانی نے میڈیا کے غیرذمہ دارانہ رویہ پرسخت اعتراض کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا کو پہلے حقائق کا پتہ کرنا چاہئے اس کے بعد تبلیغی مرکز کے خلاف پروپیگنڈہ میں ملوث ہونا چاہئے ۔قانونی نوٹس زی ہندوستان (زی میڈیا گروپ)، آؤٹ لک ہندی، امر اجالا، آئی این خبر، این ایم ایف نیوز، ٹی وی 9تیلگو،گجرات متر، راجستھان پتریکا، سرکار ڈیلی (ویب)، دینک جاگرن، تہلکا اتراکھنڈ اور دیگر میڈیا گھرانوں کو دی گئی۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مولانا خلیل الرحمان سجاد نعمانی کا تعلق ایک باوقار علمی خاندان سے ہے اور وہ گزشتہ پندرہ برسوں سے ملک میں قیام امن اور قومی یکجہتی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔