
آرایس ایس ضلعی و ریاستی کارکنان کو با اثر شہریوں اور رہنماؤں ملاقات کا حکم
نئی دہلی یکم نومبر:(پریس ریلیز) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت دہلی میں مختلف مذاہب کے اہم رہنماؤں سے ملیں گے۔ اگلے چند دنوں میں ان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت آج مسلم سماج کے کچھ اہم رہنماؤں سکھ سماج کے کچھ اہم رہنماؤں اور جین سماج کے کچھ اہم رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ یہ ملاقاتیں بابری مسجد سے متعلق آنے والے فیصلے کے پیش نظرکی جارہی ہیں تاکہ فیصلہ آنے کے بعد سماجی اور مذہبی ہم آہنگی بنی رہے۔ سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت نے سنگھ سے منسلک تقریباََ تمام اہم عہدیداروں اور ریاست کے سنگھ سربراہان اور ضلع کے کارکنوں تک کو اپنے اپنے علاقے میں با اثر شہریوں سمیت دیگر مذاہب سے منسلک اہم لوگوں، راہنماؤں سے ملاقات کرکے معاشرے میں خوشگوار ماحول پیدا کرنے کے لیے کہا ہے۔ سنگھ کی مسلسل کوشش ہے کہ آنے والے تاریخی فیصلے کے پیش نظر سماجی ہم آہنگی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی بنی رہے۔ اس کے لیے یہ میٹنگیں چل رہی ہیں ۔اگلے 4 دنوں تک یعنی 6 نومبر تک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت دہلی میں ہی رہیں گے۔واضح ہوکہ موہن بھاگوت نے اس سے پہلے مولانا ارشد مدنی سے طویل ملاقات کی تھی جس پرسوشل میڈیا پر کافی تنقیدیں بھی ہوئی تھیں۔