آئینۂ دکن

مولانا غیاث احمد رشادی کی کتاب پارۂ عم ورک بک کا امیر شریعت کرناٹک کے ہاتھوں اجراء

حیدرآباد: 3؍نومبر (پریس ریلیز) مفتی عبد المہیمن اظہر القاسمی نائب صدر صفا بیت المال انڈیا کی اطلاع کے مطابق بتاریخ ۲ نومبر بروزچہار شنبہ احاطہ دارالعلوم سبیل الرشاد میں امیر شریعت کرناٹک حضرت مولانا صغیر احمد خان رشادی صاحب دامت برکاتہم شیخ الحدیث و مہتمم دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور نے اپنے دست مبارک سے مولانا غیاث احمد رشادی کی تحریر کردہ کتاب ’’پارہ عم ورک بک ‘‘کے دونوں حصوں کا رسم اجراء انجام دیا اور فرمایا کہ دینی مدارس میں اس بات کی کمی محسوس کی جارہی ہے کہ طلباء نورانی قاعدہ اور پارۂ عم وغیرہ پڑھتے ہیں لیکن لکھتے نہیں ہیں جب کہ علم کا تعلق اور طریقہ کار پڑھنے کے ساتھ ساتھ لکھنے سے بھی ہے عام طور پر طلباء مکمل قرآن مجید پڑھ لیتے ہیں اور حفظ بھی کرلیتے ہیں لیکن اگر ان سے یہ کہا جائے کہ آپ اس کو لکھیے تو وہ لکھ نہیں پاتے اس کی بنیادی وجہ دوران تعلیم نہ لکھنے کی عادت ہے۔ دینی مدارس کے ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ طلباء میں لکھنے کا مزاج پیدا کریں جس کے لیے اس قسم کے ورک بک کا استعمال اشد ضروری ہے۔ مولانا غیاث احمد رشادی نے اس سے قبل نورانی قاعدہ ورک بک ترتیب دی اور اس کو شائع کیا اور آج سینکڑوں مدارس میں یہ پڑھائی جا رہی ہے ۔ امیر شریعت نے مزید فرمایا کہ مولانا رشادی کی رفاہی اور ملی انوکھی اور قابل تحسین اقدام کے ساتھ علمی خدمات بھی قابل ستائش ہیں۔ مولانا نے پارۂ عم ورک بک ترتیب دے کر قرآن کی اس مقدس زبان کی تحریر کی اس تحریک کو ایک نیا رخ دیا ہے جس کی شدید ضرورت تھی۔ دینی مدارس کے ذمہ داران نورانی قاعدہ ورک بک اور پارۂ عم ورک بک کو اپنے نصاب میں شامل کریں اور اپنے طلباء میں پڑھنے کے ساتھ لکھنے کا ذوق پیدا کریں۔ پارۂ عم ورک بک کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ہر صفحہ میں قرآن مجید سے متعلق مختلف معلومات شامل کی گئی ہیں نیز ہر صفحہ کے آخر میں لفظی ترجمہ اور ترجمہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس سے حفظ کرنے والے طلباء حفظ کے دوران پارۂ عم کا مکمل ترجمہ بھی جان لیں گے ۔ اجراء کے موقع پر مفتی عبد المہیمن اظہر القاسمی نائب صدر اور ڈاکٹر محمد مزمل انظر بھی موجود تھے ۔ جو حضرات نورانی قاعدہ ورک بک اور پارۂ عم ورک بک حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ سیل نمبر 8019878784 پر ربط کریں ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×