ریاست و ملک

ممبئی کی ملی تنظیموں نے شہری ترمیمی بل کے سلسلے میں شرد پوار سے ملاقات کی

ممبئی: 8؍ دسمبر (پریس ریلیز) آج ممبئی کی مختلف مذہبی، ملی اور سماجی تنظیموں کے مؤقر وفد نے شہریت ترمیمی بل ( CAB ) کے سلسلے میں این سی پی کے صدر شردپوار سے اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ـ وفد کے اراکین نے مجوزہ بل کے بارے میں مسٹر پوار کو بتایا کہ یہ بل ہندوستان کے دستور،آئین اور قانون کے خلاف ہے، ہندوستان میں پہلی بار مذہبی بنیادوں پر تفریق کرنے والا قانون بننے جارہا ہے، اس قانون کے ذریعے ملک کی دوسری بڑی اکثریت کو ان کے شہری حقوق سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے ـ اگر یہ قانون بن گیا تو اس سے ملک کی یکجہتی اور سالمیت خطرے میں پڑسکتی ہے، ملک دشمن طاقتیں نقلی کاغذات کے ذریعے ہندو، سکھ، عیسائی وغیرہ کے بھیس میں اپنے ایجنٹوں کو داخل کرسکتی ہیں، وہ یہاں خفیہ ایجنسیوں، پولیس، فوج وغیرہ کی حساس جگہوں ہر بھی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں، اس طرح ملک کا تحفظ بھی خطرے میں پڑسکتا ہے ـ
وفد نے شرد پوار سے یہ بھی کہا کہ اِس وقت ملکی سیاست میں آپ کا جو رسوخ ہے اُس کو استعمال کریں اور اپنی پارٹی کے ساتھ دیگر سیاسی پارٹیوں سے رابطہ کرکے اُنھیں اس بل کی مخالفت پر آمادہ کریں، پوری کوشش کریں کہ ملک کے دستور کے خلاف یہ بل پارلیمنٹ سے پاس نہ ہونے پائے ـ
وفد نے شرد پوار کی ان کوششوں کی تعریف بھی کی جن کی وجہ سے مہاراشٹر میں بی جے پی تنہا پڑگئی اور کامن مینیم پروگرام کے تحت بقیہ تین بڑی پارٹیوں کی حکومت قائم ہوسکی ـ
وفد کی گفتگو سننے کے بعد مسٹر پوار نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ یہ بل ملک کے مسلمانوں کو تنہا کردینے کے لئے بنایا جارہا ہے، یہ مسلمانوں کے خلاف ایک سازش ہے، یہ بل دستور اور قانون کے بھی خلاف ہے ـ انھوں نے کہا کہ ہم دو ایک روز کے اندر ہی دہلی میں مختلف پارٹیوں کی میٹنگ طلب کرکے اس بل کے خلاف متحدہ لائحہ عمل ترتیب دیں گے ـ
وفد کے اراکین میں آل انڈیا علماکونسل کے سکریٹری جنرل مولانا محمود دریابادی، ممبئی امن کمیٹی کے صدر فریدشیخ، جمیعۃ اہل حدیث کے مولانا منظرسلفی، ممبئی ایجوکیشن اینڈ شوشل ٹرسٹ کے سلیم موٹروالا، رضافاونڈیشن کے صدر مولانا انیس اشرفی، شیعہ عالم دین مولانا عزیز حیدر رضوی، ہانڈی والی مسجد کے خطیب مولانا اعجاز کشمیری، ایم ایچ ڈبلیو کے صدر ڈاکٹر عظیم الدین، مرکزالمعارف کے مولانا عتیق الرحمان، دھان باڑی مسجد کے خطیب مولانا محمد طہ، جمیعۃعلماء میرا روڈ کے مولانا قاری ابوبکر، اور این سی پی کے عہدیداران میں سہیل صوبیدار اور ڈاکٹر آصف موجود تھے ـ

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing