احوال وطن

اپناحق وصول کرنے کے بجائے حق اداکرنے والا بن جائے تو کبھی بھی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا: مفتی اشفاق قاضی

ممبئی: 7؍نومبر (پریس ریلیز) آئیے مسلم پرسنل لاسیکھیں کے عنوان سے سلسلہ وار محاضرات  کاتیسواں محاضرہ جھگڑے وجوہات اوران کاحل  تھا،اس موضوع پرجناب مفتی محمد اشفاق قاضی صاحب  (جامع مسجد، کرافوڈمارکیٹ،  ممبئی) نے کیڈی مسجد ناگپاڑہ ممبئی میں تفصیلی محاضرہ پیش کیا، جس میں انھوں نے کہا کہ انسان کی طبیعت میں جلد بازی، بے صبری اور ناشکری ہے،مصیبت کےوقت وہ جزع فزع کرنے لگتا ہے، اورخوشحالی کے وقت اللہ کو اوراس کے احکام کو بھول جاتاہے،یہ انسان کی بہت بڑی کمزوری ہے، چنانچہ قرآن میں اللہ کاارشادہے کہ انسان کو کمزوربنایاگیاہے،اس لئے  بعض دفعہ انسان مطلوبہ  صبر اور شکر نہیں کر پاتا ہے، نتیجہ کے طورپر انسانوں کا آپس میں جھگڑا ہوجاتا ہے، مفتی صاحب نے ان کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ انسان کو صبر اور شکر دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہئے، حتیٰ کہ غصہ کےوقت بھی اس کاخیال رکھنا چاہئے،اسی وجہ سے شریعت میں صبر کرنے والے کی بڑی فضیلت وارد ہوئی ہے، حتیٰ کہ  قرآن نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی نصرت ایسے لوگوں کی  ساتھ ہوتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ خودپسندی اور خود غرضی، ضد وہٹ دھرمی اور حکمت و دانائی کی کمی بھی جھگڑے کے اسباب ہیں، اس لیے تواضع اختیار کرنا،و ایثار و ہمدردی کرنا نہایت ہی ضروری ہے، اگر انسان کے اندر یہ صفات پیدا ہوجائیں تو جھگڑا نہیں ہوگا۔مفتی صاحب نے کہاکہ اگر انسان اپناحق وصول کرنے کے بجائے حق اداکرنے والابن جائے تو کبھی بھی لڑائی جھگڑا نہیں ہوگا، انھوں ایک حدیث کاحوالہ دیتےہوئے کہ اگر انسان حق پر رہتے ہوئے جھگڑا چھوڑدے، تو نبی کریم ﷺ نے ایسے لوگوں کے لیے جنت میں گھربنواکی ذمہ داری لی ہے، انھوں نے کہا کہ میرا مشاہدہ ہے کہ  جو لوگ حرص ولالچ کی وجہ سے دوسرے کامال ناحق کھا لیتے ہیں، یا دوسروں کو ان کاحق نہیں دیتے ہیں ، بڑی پریشانی میں مبتلاء رہتے ہیں، حتیٰ کہ ان کاروبار ٹھپ ہوجاتا ہے، اس کے برخلاف جو کوئی حق پر رہتے ہوئے دعویٰ چھوڑ دیتا ہے، اللہ تعالیٰ ان کے کاروبار میں خوب خوب برکت عطا فرماتے ہیں، بہت جلد ہی  اس کے نقصان کی تلافی ہوجاتی ہے۔ مگر شرط یہ ہے کہ اللہ کی رضاء کے لئے اپناحق چھوڑ دے۔اس پروگرام کی صدارت جناب مولانا عبدالرحمٰن صاحب امام موتی مسجد ، بائکلہ نے فرمائی ، جب کہ نظامت قاضی محمد فیاض عالم قاسمی نے کی ۔واضح رہے کہ اسی موضوع کادوسراحصہ ان شاء اللہ 16/نومبر کو بعد نمازعشاء کیڈی مسجد ناگپاڑہ ممبئی میں ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×