مدھیہ پردیش میں نکالی گئی احمقوں کی بارات، جانیے کیوں؟
بھوپال : اپریل فول یعنی یوم احمق کے موقع پر بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود نے ایک انوکھے انداز میں حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔ بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود کے ذریعہ انوکھے انداز میں احتجاج کرتے ہوئے بی جے پی کی مرکزی اور صوبائی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، ڈیزل و پٹرول کے ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں ہو رہے بے تحاشے اضافہ کے لئے بھوپال ایم ایل اے عارف مسعود کی قیادت میں جب بھوپال کے چار بتی چوراہے سے احمقوں کی بارات نکالی گئی تو دیکھنے والوں کا ہجوم لگ گیا۔ بارات میں بینڈ باجا بھی تھی اور رسوئی گیس کے خالی سلینڈر کے ساتھ اسپتالوں میں استعمال ہونے والے خالی اکسیجن سلینڈر بھی تھے۔ عارف مسعود نے مودی حکومت کے ذریعہ عوام کو بیوقوف بنانے پر جہاں سخت تنقید کی وہیں بی جے پی نے بھی عارف مسعود کے ذریعہ نکالی گئی احمقوں کی بارات پر ظنر کرتے ہوئے خود کو آئینہ دیکھنے کا مشورہ دیا ہے ۔
https://twitter.com/arifmasoodbpl/status/1509858181215707144
واضح رہے کہ راجدھانی بھوپال میں احمقوں کی بارات بھوپال چار بتی چوراہے سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی منگلوارہ چوراہے پر اختتام پزیر ہوئی ۔ بھوپال کانگریس ایم ایل اے عارف مسعود کہتے ہیں کہ یکم اپریل کو دنیا میں یوم احمق کے طور پر منایا جاتا ہے اور آج کے دن سرکارکی بارات اس لئے نکالی گئی ہے تاکہ عوام کو بتایا جا سکے کہ مودی حکومت نے انہیں کتنا دھوکہ دیا ہے۔ کورونا قہر میں حکومت کی ناکامی سے ہزار مائگرنٹ مزدوروں کی موت ہوئی اور جب بیماری سے لوگ پریشان ہوئے تو حکومت انہیں آکسیجن اور دوا بھی مہیا کرانے میں ناکام رہی ہے ۔یہی نہیں حکومت کی نگرانی میں دواؤں کی کالا بازاری کی گئی ۔
انہوں نے کہا کہ بھوپال حمیدیہ اسپتال سے بڑی مقدار میں دواؤں کی چوری ہوئی لیکن آج تک حکومت کے ذریعہ نہ تو کسی کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے اور نہ ہی کوئی دوسری کاروائی کی گئی بلکہ معاملے کو دبانے کا کام کیاگیا ۔ اسی طرح سے حکومت مسلسل ایک پلان کے تحت کمپینوں کو فائیدہ پہنچانے کے لئے پیٹرول وڈیزل کے ساتھ رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرتی جا رہی ہے ۔ عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں لیکن اب یہ خاموش بیٹھنے والے نہیں ہیں بلکہ سرکارکی من مانی کے خلاف تب تک احتجاج کرینگے جب تک حکومت اپنے قدم واپس نہیں لیتی ہے ۔
وہیں بی جے پی ترجمان نیہا بگا کہتی ہیں کہ کانگریس کو عوام کی نہیں اپنی کھسکتی ہوئی زمین کی فکر ہے۔ کانگریس عوام کو گمراہ کرنے کا کام کر رہی ہے لیکن یہ عوام گمراہ ہونے والے نہیں ہیں۔ عوام کو معلوم ہے کہ کانگریس کا پاکھنڈ کیا ہے ۔ اپنے پاپ کے سبب ہی کانگریس کا وجود خطرے میں ہے اور اب بھی اگر کانگریس نے پاکھنڈ بند نہیں کیا تو یہ صرف کاغذوں میں ہی رہے گی ۔