حیدرآباد و اطراف
اسمبلی میں مخالف سی اے اے قرارداد منظور کرنے کا اعلان خوش آئند
حیدرآباد: 26؍جنوری (پریس ریلیز) پنجاب ،کیرالا ،اور راجستھان ان تین ریاستوں میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف قرارداد منظوری ہوچکی ہے ، جو یقینا ایک زبردست اقدام ہے اور ملک کے تمام شہریوں کے مفاد میں ہے ، ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر ’’کے سی آر صاحب ‘‘نے بھی اپنے اس اعلان سے تمام طبقات کو خوشی اور مسرت دی ہے کہ تلنگانہ اسمبلی میں مخالف سی اے اے قرار داد منظور کیا جائے گا ، ملک کے ائمہ و خطباء اور مساجد کمیٹیوں کا نمائندہ ادارہ ’’منبر و محراب فائونڈیشن انڈیا‘‘ کے بانی ومحرک مولانا غیاث احمد رشادی نے اس اعلان کو خوش آئندقرارد یتے ہوئے ا س کا خیر مقدم کیا ہے ، ان دنوں آرایس ایس کی غلام این ڈی اے حکومت جو جنونی فیصلے کئے ہیں وہ یقینا نا قابل ہضم ہیں، ان نا معقول فیصلوں سے اس ملک کی جمہوریت اور اس کا سیکولر مزاج اور یہاں کی گنگا جمنی تہذیب پر بد نما داغ لگا ہے اور یہ داغ اسی وقت مٹ سکتا ہے جب مرکز ہوش سنبھالے اور اپنے بد ترین فیصلے کو ہٹالے، مولانا غیاث احمد رشاری نے اپنے صحافتی بیان میں یہ بھی کہا کہ مودی اور امیت شاہ ہم سب کے شکریہ کے مستحق ہیں کہ ان دونوں کے سازشوں اور بیجا فیصلوں سے اس ملک کے ایس سی ،ایس ٹی ،بی سی اور تمام دلت طبقات اورمسلمان یکجا ہورہے ہیں، اور اس شر سے ایک خیر کے وجود میں آنے کی توقع کی جاسکتی ہے اور پورے یقین سے یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ یہ ملک دوبارہ سیکولرازم کی طرف سفر کرے گا اور یہ جمہوری ملک اپنی جمہوریت کی بقاء کے ساتھ محفوظ رہے گا ۔