مہاراشٹرا حکومت عوامی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کو لیکر جاری کرے گی نئی گائڈ لائنس
ممبئی: عوامی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے متعلق مہاراشٹر کے وزیر داخلہ دلیپ والسے پاٹل نے منگل کو واضح کیا کہ حکومت رہنما خطوط (گائڈ لائنس) وضع کرنے پر کام کر رہی ہے۔ والسے پاٹل نے پہلے چیف منسٹر ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ گائڈ لائن، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور ممبئی پولیس کمشنر طے کریں گے جس پر عمل درآمد تمام مذہبی مقامات کو کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ مہا نگر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے رہنما راج ٹھاکرے نے 03 مئی تک مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی وارننگ دی ہے اور اسی تناظر میں والسے اور ٹھاکرے کے درمیان ملاقات ہوئی۔ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا،’لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی بابت ڈائریکٹر جنرل آف پولیس رجنیش سیٹھ اور کمشنر آف پولیس سنجے پانڈے مل کر رہنما خطوط طے کریں گے جسے ایک یا دو دن میں جاری کیا جائے گا‘۔