احوال وطن

تحریک علماء ہند ضلع لاتور کا مشاورتی اجلاس، علماء کرام کو تحریک کا ساتھ دینے مولانا اسماعیل قاسمی کی اپیل

لاتور: 13؍جنوری (ساجدقاسمی) آج بروز جمعرات مؤرخہ ٩/ جمادی الاخری ١٤٤٣ھ مطابق ١٣/جنوری ٢٠٢٢ء مسجد صفہ (ساٹھ فٹ روڑ) لاتور میں حضرت مولانا محمد اسماعیل قاسمی نقشبندی مجددی دامت برکاتہم کی سرپرستی میں تحریک علماء ھند ضلع لاتور کی مشاورتی مجلس عمل میں آئی۔ مولانا محمد ساجد قاسمی کی تلاوت اور مولانا محمد علی مظاہری کے نعتیہ کلام سے مجلس کا آغاز ہوا۔ تحریک کا تعارف اور اس کے اغراض ومقاصد کو شہر میں تحریک کو متعارف کرانے والے نوجوان عالم دین مفتی محمد وسیم صاحب قاسمی نے بڑے ہی دردمند انداز میں پیش فرمایا؛ مولانا محسن خان صاحب رشیدی نے امراوتی سفر کی روئداد اور کار گزاری سناتے ہوئے اپنے خلوص وللہیت کے جذبات، عزائم کی مضبوطی اور اتحاد کے ساتھ کام کے کرنے کی طرف توجہ دلائی، جبکہ
شہر کے مشہور ومتعارف عالم دین مفتی عبدالماجد المجیدی قاسمی نے علماء کرام کو اپنے فرض منصبی کی یاددہانی اور سینوں میں ودیعت امت مسلمہ کے درد کا احساس دلاتے ہوئے علماء کرام کو تحریک سے وابستہ ہونےکی ترغیب دی۔ صدارتی خطاب میں حضرت مولانا محمد اسماعیل قاسمی نقشبندی مجددی نے اپنی زندگی کے تلخ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے پیام انسانیت، خدمتِ خلق اور بالخصوص اپنی قوم وملت کی فلاح وبہبودی کے لیے ہمہ جہتی خدمات کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے تحریک کی نہ صرف تائید اور حمایت کی بلکہ تحریک کو قلیل مدت میں کثیر خدمات انجام دینے والی تنظیم قرار دیا اور نوجوان علماء کرام کو تحریک سے جڑے رہنے کی تاکید بھی فرمائی، مولانا ہی کے حکم پر شہر کے علماء کرام، وکلاء، ڈاکٹرس، انجنئیرس، ٹیچرس، سیاسی قائدین، معززین شہر، اور تاجروں سے ملاقات کرکے تحریک کا تعارف اس کے اغراض ومقاصد اس کی خدمات سے متعارف کرانے کے لئے چند جماعتیں بنائی گئیں جو کل ہی سے ان شاء اللہ ان تمام طبقات سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرے گی۔ مجلس کی نظامت کے فرائض مفتی محمد یونس صاحب مظاہری نے انجام دیئے، مولانا شفیق احمد صاحب قاسمی مدظلہ کی رقت آمیز دعا پر مجلس کا اختتام عمل میں آیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×