ریاست و ملک

مہاراشٹرا میں پانچ سطح کا انلاک منصوبہ تیار، اورنگ آباد، ناندیڑ سمیت 18؍اضلاع میں تمام پابندیاں ختم

ممبئی: 3؍جون (عصرحاضر) مہاراشٹرا کے 18؍اضلاع میں عائد پابندیاں مکمل طور پر ہٹا لی گئیں۔ اورنگ آباد ، بھنڈارا ، بلڈانہ ، چندر پور ، دھولے ، گڈچیرولی ، گونڈیا ، جلگاؤں ، جالنا ، لاتور ، ناگپور ، ناندیڑ، ناسک ، یاوتمل، واشم ، وردہ ، پربھنی اور تھانہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے نافذ تمام عائد پابندیاں ختم کردی گئیں۔ جمعرات کو مہاراشٹر کے ایک وزیر نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ لاک ڈاؤن کے بعد پانچ سطح کا انلاک منصوبہ ہوگا۔ مہاراشٹرا کے وزیر وجئے وڈیٹیور نے کہا ، "ہم نے اضلاع میں آکسیجن بیڈوں پر موجود کیسوں کی مثبت شرح کی بنیاد پر ریاست کے لئے 5 سطح کا انلاک منصوبہ تیار کیا ہے۔ سب سے کم مثبت شرح والے اضلاع میں کوئی پابندی نہیں ہوگی۔”

وزیر نے کہا کہ ممبئی شہر میں بھی پابندیوں میں جزوی طور پر نرمی دی جائے گی۔ وڈیٹیور نے کہا ، ممبئی ابھی بھی سطح 2 میں ہے ، اگر وہ سطح 1 تک پہنچ جاتا ہے تو  مقامی ٹرین خدمات دوبارہ شروع کی جائیں گی۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزیر نے یہ اعلان جمعرات کو ممبئی میں ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کے بعد کیا۔

کووڈ 19 کی دوسری لہر میں شدت کے بعد اس سال اپریل میں لاک ڈاون جیسی پابندیاں عائد کی گئیں ، اب رفتہ رفتہ ان پابندیوں کو ختم کیا جارہا ہے۔ فی الحال ریاست کے 18 اضلاع میں جہاں مثبت کیسوں کی شرح 5 فیصد یا اس سے کم ہے اور اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز کی 25 فیصد سے بھی کم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے سی بی ایس سی بارھویں جماعت کے امتحانات منسوخ ہونے کے بعد مہاراشٹرا میں بھی اسٹیٹ بورڈ کی جانب سے 10 اور 12؍ویں جماعت  کے امتحانات رواں سال منسوخ کردیئے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×