ممبئی: 9؍نومبر (عصر حاضر) چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ، علی باغ نے کرائم برانچ کو ارنب گو سوامی سے روزانہ 3 گھنٹے تک پوچھ تاچھ کرنے کی اجازت دی۔ ممبئی ہائی کوٹ کے ذریعہ ریپبلک ٹی وی کے منیجنگ ایڈیٹر اور چیف ایڈیٹر ارنب گوسوامی کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے چند گھنٹوں بعد ہی علی باغ عدالت کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ دراصل رائے گڑھ پولس کرائم برانچ نے 5 نومبر کو تلوجہ سنٹرل جیل میں گوسوامی سے پوچھ گچھ کرنے کی اجازت طلب کرنے کی درخواست دی تھی، جس پر یہ احکامات جاری کیے گئے۔ قابل ذکر ہے کہ ارنب 18 نومبر تک عدالتی تحویل میں ہیں۔اپنی درخواست میں پولس نے نشاندہی کی تھی کہ چونکہ 4 نومبر کو ارنب کی ہوئی گرفتاری کے بعد مجسٹریٹ عدالت نے انھیں عدالتی تحویل میں بھیج دیا تھا، اس لئے اس کے خلاف عائد جرائم سے متعلق تحقیقات اور اس سلسلے میں شواہد اکٹھا نہیں ہوسکتی ہیں۔