مولانا کلیم صدیقی کی ضمانت کی فرضی خبر سوشل میڈیا پر وائرل۔ عوام میں تذبذب
حیدرآباد: 11؍جون (عصرحاضر) مولانا کلیم صدیقی صاحب کی ضمانت سے متعلق سوشل میڈیا پروائرل ایک خبر جو بہت تیزی سے گردش کررہی ہے۔ ساتھ میں ایک ویڈیو بھی ارسال کی جارہی ہے جس میں مولانا کلیم صدیقی صاحب بھی صاف نظر آرہے ہیں۔ اس وقت پوری ملتِ اسلامیہ حضرت مولانا کی ضمانت کا شدت سے انتظار کررہی ہے۔ آج جو خبر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی یہ خبر بالکل بھی درست نہیں ہے یہ ایک فرضی خبر ہے جس کو کسی نے نادانی میں چلادی اور وہ وائرل ہوگئی۔ ضمانت کے احکام جاری ہونے کے بعد بھی رہائی تک جو پروسیس ہوتا ہے اس کی تکمیل کے لیے کبھی ایک دن تو کبھی دو دن لگ جاتے ہیں۔ ایسے میں یہ خبر کسی بھی طرح درست نہیں کیونکہ ضمانت کے احکام ہی جاری نہیں ہوئے تو رہائی کیسے ممکن ہوگی؟۔ جیسا کہ ویڈیو میں مولانا کو خوشگوار موڈ میں بات کرتے دکھاکر یہ باور کروایا جارہا ہے کہ حضرت کی جیل سے چھٹی ہوگئی۔ اس خبر پر مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے بھی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کی ضمانت ابھی نہیں ہوئی ہے آپ احباب دعاء فرمائیں عدالت میں مسئلہ زیر سماعت ہے۔ ایسے میں عوام الناس افواہوں پر دھیان نہ دیتے ہوئے اس طرح کی خبروں کو وائرل کرنے میں حصہ دار نہ بنیں۔ اور دعا کریں کہ اللہ تعالی حضرت والا کو جلد از جلد باعزت بری فرمائے اور قید و بند کی مصیبتوں سے نجات دلائے۔ آمین