احوال وطن

عظیم ملی و مذہبی قائد رئیس الاحرار مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی کا انتقال

دیوبند،10؍ستمبر(سمیر چودھری) پنجاب کی عظیم ملی و مذہبی شخصیت اور رئیس الاحرار مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی کا گزشتہ شب علالت کے باعث انتقال ہوگیا، انا اللہ و انا الیہ راجعون ۔ان کے انتقال پر پنجاب سمیت علمی حلقوں کی فضا مغموم ہوگئی، نامور علماء کرام اور ملک کے مشہور اہل سیاست بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے پنجاب میں ان کی اور ان کے خاندان کی خدمات کی ستائش کی۔ شاہی امام پنجاب مولانا حبیب الرحمن ثانی کی عمر محض 64؍ سال تھی وہ اپنی حق گوئی،علمی ،ملی اور سماجی خدمات کی وجہ سے عوام و خواص میں یکساں مقبولیت رکھتے تھے اور نہایت قدر ومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔مرحوم کے خاندان کی ملک کی آزادی میں بھی اہم قربانیاں شامل ہیں۔انہوں نے اپنے دادا مرحوم رئیس الاحرار حضرت مولانا حبیب الرحمٰن لدھیانوی کے نام و کام اور اپنے خاندان کی روایات کو بہت خوب صورتی و پختگی کے ساتھ آگے بڑھایا اور مسلمانانِ ہند کی ہر محاذ پر مثالی قیادت کی،مرحوم نے متعدد مرتبہ اہل حکومت کے سامنے احقاقِ حق و ابطالِ باطل کے فریضے کی انجام دیا،پنجاب بھر میں مساجد کی واگزاری میں مرحوم کا اہم کردار ہے۔پنجاب کی سیاست میں بھی مرحوم کا اہم عمل دخل ہوتا تھا۔ مولاناحبیب الرحمن ثانی اپنے خاندانی بزرگوں کی روایتوں کے امین اوربے باک رہبر تھے ، ان کی شخصیت میں دین وسیاست کا ایجابی خمیر شامل تھا، اسی لئے وہ دین وملت کے کئی محاذ پر سرگرم عمل رہے ، رئیس احرارکی وفات سے پنجاب اور قریب کی ریاستیں اپنے ایک حوصلہ مند دینی وملی قائد سے محروم ہوئی ہیں ، وہ ختم نبوت اور دوسرے دینی وملی شعبوں میں اپنی بساط بھر کاوشوں کیلئے ہمیشہ یاد کیے جاتے رہیں گے۔پسماندگان میں ایک صاحبزادی اور دو صاحبزادے ہیں۔مرحوم پچھلے چار پانچ سال سے مختلف امراض میں مبتلا تھے،لیکن ڈیڑھ مہینے سے زیادہ بیمار تھے اور طویل و صبرآزما علالت کے بعد گزشتہ شب شہر لدھیانہ کے مشہور ہاسپیٹل ’سی ایم سی‘میں آخری سانس لی۔دیر شب علمی و روحانی جانشیں مولانا محمد عثمان رحمانی کی اقتدا میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور تدفین متصل جامع مسجد فیلڈ گنج کے احاطے میں عمل میں آئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×