آئینۂ دکن

عید سادگی سے منائیں اور ان پیسوں سے غرباء و مستحقین کی مدد کریں

حیدرآباد: 5؍مئی (عصر حاضر) مولانا خالد سیف الله رحمانی ترجمان و سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے امتِ مسلمہ سے یہ اپیل کی ہے کہ اس سال عید الفطر سادگی کے ساتھ منائی جائے‘ عید کے دن مرد ہوں یا عورت یا بچے‘ پرانے دُھلے ہوئے کپڑے پہننے پر اکتفاء کریں‘ نئے کپڑے اور نئے جوتے چپل خریدنے اور مارکیٹ میں جانے سے گریز کریں‘ آپ کے دوکانوں میں جانے سے سماجی دوری کے اصول ٹوٹ جائیں گے‘ اس سے بیماری کے پھیلنے کا اندیشہ ہے‘ نئے کپڑوں کے مقابلہ اپنی اور اپنے متعلقین کی صحت کو بچانا زیادہ اہم ہے‘ اس کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ فرقہ پرست میڈیا جو ان مشکل حالات میں بھی نفرت انگیز ایجنڈے کو آگے بڑھا رہا ہے‘ وہ اس کو مسلمانوں کو بدنام کرنے اور اُن کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کرے گا؛ بلکہ بعض شہروں میں جہاں کپڑوں کی دوکانوں کو ڈھیل دی گئی ہے‘ وہاں کے مقامی میڈیا نے یہ سلسلہ شروع بھی کردیا ہے‘ وہاں دوکان میں بیٹھی ہوئی برقعہ پوش خواتین کو چینل پر دکھایا جارہا ہے اور یہ تأثر دیا جارہا ہے کہ مسلمان ہی اس بیماری کے پھیلاؤ کا سبب ہیں‘ مولانا رحمانی نے مسلمانوں سے گزارش کی ہے کہ اس سال عید کے ممکنہ اخراجات کو بچا کر اُن غریب بھائیوں کی مدد کی جائے جو لقمہ لقمہ کے محتاج ہیں‘ اور ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت ہے‘ نیز لاک ڈاؤن سے پہلے دہلی میں مسلمانوں کے خلاف جو فسادات برپا کیے گئے اُن میں بہت سی عورتیں بیوہ اور بچے یتیم ہوئے‘ پورے محلہ ویران کردیا گیا‘ مکانات منہدم کردئیے گئے‘ دوکانوں کو آگ لگادی گئی اگر ہم پیسے بچاکر ایسے مظلوم بھائیوں بہنوں کی مدد کریں تو اس سے ان شاء الله روحانی سکون بھے حاصل ہوگا‘ آپ کو ان غریبوں کی دعاء بھی ملے اور یقیناً آپ کا یہ عمل الله کے یہاں مقبول ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×