بھارت میں جاری کووڈ کی دوسری لہر میں سعودی عرب کا ایک بار پھر بڑا تعاون
الریاض: 30؍مئی (ذرائع) سعودی عرب نے ہندوستان کو انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے آکسیجن اور دیگر طبی سامان کی بڑی مقدار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی حکومت ہندوستان کو آکسیجن کے 3 کینیٹروں سمیت طبی سامان کے 100 کنٹینر فراہم کرے گی۔ آکسیجن کے 3 کنیٹیر بھارت کو روانہ کر دیے گئے ہیں۔ جو 6 جون تک بھارتی بندرگاہوں تک پہنچ جائیں گے۔ ایک کنٹینر میں 60 ٹن آکسیجن پر مشتمل ہے۔
آنے والے ہفتوں کے دوران سعودی عرب سے انسانی ہمدردی کے جذبے کے تحت بھارت کو 100 کنٹینر طبی سامان اور وبا سے لڑنے کے لیے ضروری اشیا بھیجی جائیںگی۔ اس امدادی مشن کا مقصد دوست ممالک کو وبا سے لڑنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
درایں اثنا بھارتی وزیر پٹرولیم درمھندر برادان نے اپنے ‘ٹویٹر’ اکاؤنٹ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں سعودی حکومت کی طرف سے طبی امداد کی فراہمی پر الریاض کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہلک کورونا وبا سے نمٹنے میں مدد کے حوالے سے سعودی عرب کی طرف سے امداد الریاض کی بھارت کے لیے مخلصانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس امداد کے نتیجے میں دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔