رمضان المبارک سخاوت و فیاضی کا مہینہ ہے، مستحقین و غرباء کا خیال رکھنا اہلِ ثروت کی ذمہ داری
جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی جانب سے جمعیۃ کے دفتر میں 28 مارچ بروز پیر حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر قاضی وصدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،ابتداء میں خطاب کرتے ہوئے حافظ ضیاء اللہ خان صاحب نائب صدر جمعیۃ الحفاظ نے کہا کہ شریعت اسلامیہ میں خدمت خلق اور انسانوں کے ساتھ بھلائی کرنے کو بہت زیادہ اہمیت کے ساتھ بیان کیا گیا ہےاور خود حضرات انبیاء کرام نے اپنی پوری زندگی انسانیت کی خدمت اور خدا کے بندوں کی راحت رسانی میں لگادی، ہمیں بھی ہر وقت اس کام کو کرنا ہے خصوصا رمضان المبارک جو کہ ہمدردی اور غم خواری کا مہینہ ہےاس کام میں تیزی پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور مستحق افراد تک اپنی زکوٰۃ اور دیگر نفلی صدقات کو پہچانے کی کوشش کرنا چاہیے۔حافظ احمد منقبت شاہ خان صاحب صدر قاضی و صدر جمعیۃ الحفاظ کریم نگر نے کہا کہ ایک مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے اندر دوسروں کی مدد کا جذبہ پیدا کرے،دوسروں کے دکھ درد کواپنا دکھ درد سمجھے ،رسول اللہﷺ نے فرمایا:جو شخص کسی مسلمان کی دنیوی پریشانیوں میں سے کوئی پریشانی دور کرے گا اللہ تعالیٰ اس سے آخرت کی پریشانیاں دورفرمائے گا۔ ڈاکٹر عبد القدوس صاحب نے کہا کہ رمضان المبارک کے اندرمستحق افراد کا خاص خیال رکھیں اس لئے کہ اس ماہ مبارک کو خدمت انسانیت کے ساتھ خاص مناسبت حاصل ہے،اس ماہ میں روزہ داروں کو روزہ افطار کرانے والے کو اللہ تبارک وتعالیٰ روزہ رکھنے والے کے برابر ثواب عطا فرماتا ہے۔اس موقع پر جمعیۃ الحفاظ کی نگرانی میں خدمت انجام دینے والے ستر سے زائد دیہاتوں معلمین کے درمیان ماہانہ تنخواہوں کی تقسیم عمل میں آئی ،نیزہر سال کی طرح اس سال بھی تمام معلمین کو رمضان راشن دیا گیا جس میں کھانے پینے کی ضروری اشیاء کو رکھا گیا،اجلاس کی کاروائی حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیۃ الحفاظ نے چلائی ۔اجلاس میںمحمد وصی صاحب،خواجہ نجیب الدین صاحب،احمد حمدان الجعیدی،محمد عظیم خان صاحب ،حافظ فرید الدین امجد صاحب نائب خازن، ،مفتی شاداب تقی قاسمی کے علاوہ جمیع اراکین اراکین ومعاونین موجود تھے۔حافظ رضوان صاحب نائب معتمد کی دعا پر اجلاس کا اختتام ہوا۔