حضرت محمدﷺ سے نسبت اللہ کی نعمتوں سے ایک بڑی نعمت: مفتی اسعدالدین قاسمی
کانپور۔ مجلس تحفظ ختم نبوت، جمعیۃ علماء شہر و جمعیت اہل سنت والجماعت کی جانب سے ایک روزہ تحفظ ختم نبوت و تحفظ حدیث تربیتی کیمپ مدرسہ دارالفلاح سید نگر رواتپور میں زیر صدارت مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت و جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء شہر کانپور منعقد ہوا جس میں شہر کے مقتدر علمائے کرام اور دین و شریعت کے ماہر نوجوانوں نے ایمان و عقیدہ کی اہمیت اور اس کے تحفظ پر تفصیلی روشنی ڈال کر عوام الناس کو گمراہ کن نظریات کے حامل فرقوں سے آگاہ کیا۔
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کے ناظم تعلیمات مولانا مفتی اسعدالدین قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کا شرف اور اعزاز اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے غلامی کی نسبت ہے۔ یہ وہ نعمت ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں احسان جتلایا ہے جبکہ اللہ تعالٰی کی عادت احسان جتلانے کی نہیں ہے۔ اس لیے ہر صاحب ایمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس نعمت کی قدر کرے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی کی اس نسبت کی حفاظت کرے۔ مفتی اسعدالدین نے کہا کہ تمام باطل فرقوں اور طاغوتی طاقتوں کی ہر زمانے میں یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اہل ایمان کا رشتہ اس سرچشمہ ہدایت سے منقطع کر دیں انہیں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی غلامی سے محروم کر دیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے ہمارے شہر واطراف شہر میں فتنہ قادیانیت اور فتنہ پرویزیت سرگرم عمل ہیں، قادیانی ٹولہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت کا انکار کر تے ہوئے مرزا غلام احمد قادیانی کو نبی مانتے ہیں جبکہ یہ تمام مسلمانوں کا یہ بنیادی اور بدیہی عقیدہ ہے کہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری رسول ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد اب کسی قسم کا کوئی نبی نہیں آسکتا ہے، یہ وہ بنیادی عقیدہ ہے جس کی وضاحت قرآن کریم کی تقریباً 100آیات اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی 200احادیث میں کی گئی ہے اور پرویزی احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے متعلق شکوک وشبہات پیدا کر کے ان کی حجیت کا انکار کرتے ہیں۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ امت کے تمام فکرمند افراد بالخصوص علماء وائمہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان فتنوں کے تعاقب اور سرکوبی کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کے قلع قمع کی انتھک اوربھر پور کوشش کریں باطل فرقوں سے نبرد آزمائی کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایمانی شعورایمانی غیرت ایمانی جرات شجاعت و بہادری انابت الی اللہ جیسی صفات سے خود کو متصف کریں اور ان کے باطل عقائد و نظریات اور رکیک تاویلات وشبہات کا جواب دینے اور دنیا کے سامنے ان کی حقیقت کو آشکارا کرنے کے لیے علم وفضل کے سرمایہ سے بھی مالا مال اور نقلی وعقلی دلائل کا ذخیرہ ہمارے پاس موجود ہو۔
مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے نائب ناظم مولانا امیر حمزہ قاسمی نے کہا کہ مر بالمعروف کے ساتھ نہی عن المنکر کرنا بھی اس امت کا فریضہ ہے۔اس امت کو قرآن میں خیر امت اس وجہ سے کہا گیا کہ وہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکردونوں ذمہ داری کو انجام دے۔لوگوں کو اللہ کہ طرف بلانا نماز کی طرف بلانا دین سکھانا جس طرح یہ تمام کام ہماری ذمہ داری ہیں،اسی طرح معاشرہ میں اٹھتی بیماریاں خواہ وہ عقائد کے تعلق سے ہوں یا اعمال کے تعلق سے ہم سبکی ذمہ داری ہے کہ اسکو پوری قوت کے ساتھ روکیں۔ بھلا اس سے بڑا منکر کیا ہوگا کہ آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی ختم نبوت پر ڈاکا ڈالا جائے،آپکی احادیث کا انکار کیا جائے، جھوٹی مہدویت کا دعوی کر کے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث کا مذاق بنایا جائے،یہ تمام منکرات ہیں جو تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ایسی نازک صورتحال میں ضروریہے کہ ہم انکے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور اپنے، اپنے بچوں اور آئندہ آنے والی نسلوں کے ایمان کی حفاظت کریں۔
پروگرام کا آغاز مولانا محمد ذکوان قاسمی فتح پوری کی تلاوت اور نعت سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے ناظم مفتی اظہار مکرم قاسمی نے نجام دئیے۔ جمعیۃ اہل سنت والجماعت کے حافظ محمد الماس کی دعا پر کیمپ اختتام پذیر ہوا۔ اخیر میں مدرسہ دارالفلاح سید نگر راوتپور کے صدر حاجی محمد افسر نے تمام شرکائے کیمپ کا شکریہ ادا کیا۔ کیمپ میں اہل محلہ سید نگر و اطراف سے بڑی تعداد میں عوام و خواص نے شرکت کی