کابل ایئرپورٹ پر افرا تفری کے دوران امریکی فوجیوں کی فائرنگ، پانچ ہلاک
کابل: 16؍اگست (ذرائع) افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند افراد کا ہجوم پیر کی صبح کابل ایئرپورٹ کے رن وے پر چڑھ دوڑا جنھیں منتشر کرنے کے لیے امریکی فوجیوں نے فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے پیدا ہونے والی افراتفری میں پانچ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں جبکہ ہوائی اڈے کو عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ادھر افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پی آئی اے کی کابل جانے والی پروازوں میں تاخیر کے باعث معطل کردیا گیا ہے۔
مسافروں، عملے اور اثاثوں کی حفاظت کی خاطر پروازیں غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ وزارت خارجہ اور افغان سول ایوی ایشن سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل ایئر پورٹ پر ملک چھوڑ کر جانے والوں کا رش لگا ہوا ہے جبکہ کابل ایئرپورٹ پر کوئی سکیورٹی اہلکار بھی موجود نہیں۔
ذرائع کے مطابق کابل ایئرپورٹ پر امیگریشن اور مسافروں کے سامان کی چیکنگ کے لئے عملہ بھی موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو ذہنی کوفت اور اذیت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی نہ ہونے کی وجہ سے جہازوں اور عملہ کیلئے مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ بغیر چیکنگ مسافروں کو جہاز میں سوار کرانا سکیورٹی رسک ہے۔