حضرت مولانا مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری کا سانحۂ ارتحال،ملک و ملت کا عظیم خسارہ
حیدرآباد: 18؍اگست (پریس ریلیز) سٹی جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد کے ذمہ داران مولانا محمد عبدالقوی نائب صدر، مولانا محمد مصدق القاسمی جنرل سکریٹری، مولانا حافظ غوث رشیدی نائب صدر، مفتی معراج الدین علی ابرار، مفتی محمد تجمل حسین قاسمی، مولانا عبدالملک مظاہری، جناب معین الدین، مولانا نذیر احمد یونس قاسمی اور قاری یونس علی خان و دیگر معتمدین و اراکین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ حضرت مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری رحمۃ اللہ علیہ بھی طویل علالت کے بعد رہ روانِ آخرت میں شامل ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
آپ کی وفات،سٹی جمعیۃ علماء حیدرآباد،مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا سمیت متعدد مدارس دینیہ اور پوری ملت اسلامیہ کے لیے ایک حادثہ فاجعہ ہے۔ انتہائی نامساعد اور سخت ترین حالات میں آپ کے ارتحال سے ہم سب اراکین و متعلقین غم گین و افسردہ ہیں۔آپ کی وفات نہ صرف ریاست تلنگانہ؛ بل کہ ملک وملت کا زبردست نقصان ہے۔آپ کی رحلت کے سبب جمعیۃ علماء اپنے مخلص قائد،مجلس تحفظ نبوت اپنے بے لوث خادم،مدسہ سبیل الفلاح اپنے بیدار مغز ناظم اور بہت سے دینی،ملی اور رفاہی ادارے اپنے محرک و سرپرست سے محروم ہوگئے۔
مفتی صاحب رحمہ اللہ کی ذات گرامی بڑے کمالات اور اوصاف حمیدہ کی حامل تھی،کشادہ ظرفی،خندہ پیشانی اور محبت رواداری سے آپ کا خمیر اٹھا تھا، اپنے معاصرین کے درمیان آپ بہت سے کمالات و خوبیوں کے جامع نظر آتے تھے۔
مفتی صاحب تنظیم کے میدان میں بھی نمایاں رہے،تعلیم و تدریس کے میدان میں بھی فائق رہے، سلوک و تصوف کے حوالے سے بھی ممتاز رہے اس طرح دین وملت کے مختلف میدانوں میں اپنے ان مٹ نقوش چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے راہی ملک بقا ہوگئے۔
رنج و الم کے اس موقع پر ہم تمام اراکین جمعیۃ مفتی صاحب رحمہ اللہ کے اہل خانہ، برادران،متعلقین و منتسبین کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور بارگاہ ایزدی میں دعا کرتے ہیں کہ اللہ پاک آپ کی بال بال مغفرت فرمائے،آپ کے درجات بلند فرمائے اور آپ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔آمین