احوال وطن

مہاڈ میں پانچ منزلہ عمارت منہدم مکینوں کا شدید جانی و مالی نقصان

ممبئی: 25؍ اگست ( پریس ریلیز) کل گذشتہ خطہ کو کن کے ضلع رائے گڑھ کے مہا ڈ شہر میں کاجل پورہ علاقہ میں واقع پانچ منزلہ 46 فلیٹوں پر مشتمل طارق گارڈن نامی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہے اور مکمل ملبہ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہےاس اندوہ ناک حادثہ کی وجہ سے مکینوں کا شدید جانی و مالی نقصان ہوا ہے ۔ملبہ میں دبنے کی وجہ سے کئی اموات ہو چکی ہیں اور 26 سے زائد لوگوں کے ملبہ میں دبے ہونے کی اطلاع ہے حکومتی کارندے امداد و راحت رسانی اور ملبہ ہٹانے کے کاموں میں جٹے ہوئے ہیں ۔اطلاع ملتے ہی جمعیہ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کی ہدایت پر رات میں ہی جمعیۃ علماء ضلع رائے گڑھ و انجمن دردمندان تعلیم و ترقی کے ذمہ داران مفتی رفیق پورکر صاحب نائب صدر دینی تعلیمی بورڈجمعیۃ علماء مہا راشٹر قاضی محمد حسین ماہمکر فلاحی صدر جمعیۃ علماء رائے گڈھ ،قاری عبدالستار صاحب،مفتی مظفر حسین صاحب، مفتی سعود مہاڈکر صاحب، جناب دلدار پورکر صاحب و دیگر نے متاثرہ مقام کا دورہ کرکے متاثرین سے ملاقات کی،صورت حال کا جائزہ لیا اور ان سے اظہار ہمدردی کی۔
متاثرین نے جمعیۃ کےوفد کو بتایا کہ 24 ؍ اگست بروز پیر شام 6.بجے یہ پانچ منزلہ بلڈنگ جس میں 46 فلیٹ ہیں اچانک بھر بھراکر گر گئی مہاڈ و اطراف کے کثیر مسلمان اس بلڈنگ میں رہائش پذیر تھے لاک ڈائون اور اسکول و کالج بند ہو نے کی وجہ سے کافی فیملیاں اپنے وطن چلی گئی تھیں حادثہ کے وقت اس بلڈنگ میں تقریبا 86 لوگ موجود تھے ،بلڈنگ گرنے سے قبل جب ہلنے لگی تبھی تقریبا 50 لوگ چیخ و پکار کرتے ہوئے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے وہ سب محفوظ ہیں اور بقیہ لوگ اس کی زدمیں آگئے ان میں سے اب تک 15 لوگوں کو نکالا جاچکاہے جو شدید زخمی حالت میں سرکاری و پرائیویٹ اسپتالوں میںزیر علاج ہیں بقیہ لاپتہ لوگوں کو ملبہ سے نکالنے کا م جاری ہے حکومت کی جانب سے امداد و راحت کی ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور لوگوں کے بچائو کے کاموں میں لگی ہوئی ہیں ،اورر انجمن دردمندان تعلیم و ترقی مہاڈ ٹرسٹ کے ذمہ داران ملبہ ہٹانے میں لگے سرکاری عملہ کو کھانے پینے کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم رول ادا کر رہے ہیں۔
وفد نے اس موقع پر ضلع کلکٹر ، پالک منتری و دیگر متعلقہ آفیسران و انتظامیہ سےملاقات کرکے مطالبہ کیا کہ اس حادثہ میں زخمی ہو نے والوں کا بہتر سے بہتر علاج کیا جائے ،مہلوکین کو معاوضہ دیا جائے ، متاثرین کی بھر پور امداد کی جائے اور نقصانات کی بھر پائی کی جائے۔جمعیۃ علماء اپنے سابقہ روایت کے مطابق ایسے نا گہانی حالات میںانسانیت کے ناطے بلا تفریق مذہب و ملت، رنگ ونسل، ذات ،برادری اور علاقہ کے مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہے اور رسول اللہ ﷺ کی سنتوں پر عمل کرتے ہوئے تمام پریشان حال لوگوں کی مدد کرتی ہے۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹرکے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نےوزیر اعلی مہا راشٹر ادھو ٹھاکرے صاحب ،نائب وزیر اعلی اجیت دادا پوار صاحب ، وزیر محصول بالا صاحب تھورات دیگر وزراء اور رائے گڈھ ضلع کلکٹر سے رابطہ کرکے صورت حال سے آگاہی کی اور امداد و راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لانے اورنقصانات کی بھرپائی اور خصوصی پیکیج جاری کرنےکا مطالبہ کیا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×