احوال وطن

قربانی ہر صاحب نصاب پر واجب،موجودہ صورت حال میں قربانی کے متعلق الجھن کا شکار نہ ہوں

تانڈور: 19؍جولائی (پریس ریلیز) جاریہ سال قربانی کے متعلق عوام میں پائی جانے والی الجھن اور تشویش کے مدنظر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے اراکین عاملہ کا ایک مشاورتی اجلاس کل بعد نماز مغرب تنظیم کے دفتر پر منعقد ہوا جس میں علماء کرام نے کہا کہ قربانی ہر صاحب نصاب پر واجب ہے جس کا کوئی بدل نہیں ہے اور قربانی کے جانور کو اپنے ہاتھ سے ذبح کرنا افضل ہے لیکن اگر کسی جگہ حالات ناسازگار ہوں تو کسی دوسرے مقام یا شہر میں قربانی کروائی جاسکتی ہے لیکن فی الحال نہ ایسی مجبوری کی حالت ہے نہ کوئی طبی نقصان لہذا عوام سے اپیل ہیکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی پورے اہتمام سے ادا کریں اور کسی بھی قسم کے شکوک وشبہات میں نہ پڑیں لیکن صفائی ستھرائی اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور کسی طرح کی لاپرواہی اور بد احتیاطی کرکے شکایت کا موقعہ ہرگز فراہم نہ کریں۔
اس اجلاس میں ضلع وقارآباد میں روزبروز بڑھتے کوویڈ19 کیسیس پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور عوام سے اپنی اور اپنوں کی صحت پر دھیان دینے،احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بلا کسی سخت ضرورت کے گھر سے نکلنے سے پرہیز کرنے کی اپیل کی گئی اور کثرت سے اموات کی خبریں ارسال کرنے سے حتی الامکان گریز کرنے کی اپیل کی گئی کیونکہ مسلسل غم اور پریشانی کے خبروں کو پڑھ اور سن کر انسان نفسیاتی طور پر کمزور ہوجاتا ہے اور بھلے چنگے افراد بھی ذہنی تشویش اور بے چینی کا شکار ہوجاتے ہیں اسی لئے عوام سے اپیل کی جاتی ہیکہ خود بھی تندرست رہیں اور اپنے عزیزوں کی صحت کا بھی بھرپور خیال رکھیں۔
نیز اس اجلاس میں ماضی قریب میں اکابر شخصیات کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایصال ثواب اور دعاء مغفرت کا اہتمام کیا گیا بالخصوص صدر جمعیۃ علماء اترپردیش حضرت مولانا متین الحق اسامہ صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور ریاست تلنگانہ کے معروف عالم دین مولانا ولی اللہ صاحب قاسمی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت پر اظہار تعزیت کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×