احوال وطن

حکومت سکریٹریٹ کی دومساجد کو اسی مقام پرجلد ازجلد تعمیر کرے

کریم نگر: 16؍جولائی (عصر حاضر) مفتی محمد صادق حسین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء کریم نگر کے بموجب ذمہ داران جمعیۃ علماء کریم نگر کا ایک اہم مشاورتی اجلاس ۱۵ جولائی بعد نمازِ ظہر مسجد حفیظ (مدرسہ اشرف العلوم کریم نگر) میں مفتی محمد یونس القاسمی صدر جمعیۃ علماء کریم نگر کی نگرانی میں منعقد ہوا۔بقرعید کی آمد کے پیش ِ نظر اور موجودہ وبائی صورت حال پر اہم اور ضروری امور پر مشاورت ہوئی۔سکریٹریٹ کی جدید تعمیر کے لئے پرانی عمارت کو منہدم کیاگیااسی کے ساتھ اس کے احاطہ میں موجود دو مساجد کو بھی ڈھادیا گیا،جس پر جمعیۃ علماء کریم نگر نے ذمہ داران نے سخت مذمت کی اورکہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ جلدازجلد اسی مقام پر مساجد کو تعمیر کیاگیا،اسی طرح ایک خانہ مسجد کو بھی تعمیر کیاجائے،صرف زبانی افسوس کافی نہیں بلکہ جس مقام پر مساجد تھیں انہیں مقامات پر مساجد کو تعمیر کیاجائے۔اسی طرح اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ موجودہ وبائی بیماری کویڈ ۱۹ کی وجہ سے قربانی کا عمل متاثر نہیں ہونا چاہیے ،بلکہ ہر صاحب ِ نصاب کو اپنی قربانی اسی طرح انجام دینا چاہیے جس طرح وہ دیتے آئے ہیں،یہ خیال بالکل غلط ہے کہ وبائی حالات کی وجہ سے قربانی کی قیمت رفاہی کاموں میں خرچ کی جائے۔قربانی ایک عظیم الشان عبادت ہے ،اس کا کوئی بدل نہیں ،جہاں ممکن ہوسکے وہاں پر قربانی انجام دینے کی کوشش کرنی چاہیے ،باقی یہ کہ نفل قربانی میںقربانی دینے والے کو اختیار ہے،لیکن واجب قربانی بہرصورت انجام دینا ضروری ہے،اگر اپنے مقام پر سہولت تووہاں دے یاجہاں آسانی اور سہولت ہو وہاں کروائے۔اسی طرح اجلاس میں یہ بات بھی طے پائی کہ کویڈ۱۹ کی وجہ سے جن حفاظ اوردینی خدام کو معاشی پریشانیوں سے گزرنا پڑرہا ہے ان شاء اللہ جمعیۃ علماء کریم نگر ان کاتعاون کرے گی،کیوں کہ بہت سے وہ حفاظ ہیں جو گھروں میں ٹیوشن پڑھاتے ہیں،لیکن ان حالات کی وجہ سے یہ نظام موقوف ہوگیا،اور مالی پریشانیوں کا سامناکرناپڑرہا ہے۔اسی طرح دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ضرورت مند احباب کا بھی مالی تعاون کیاجائے گا۔اسی طرح جمعیۃ علماء کریم نگر نے عامۃ المسلمین سے اس بات کی بھی اپیل کی ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر جن باتوں کی ہدایت حکومت کی جانب سے دی گئی ہے ان کا خیال رکھا جائے ،عید گاہوں اور مساجد میں فاصلہ کا لحاظ رکھ کر نماز اداکی جائے ،اور ضرورت پڑنے پر عید کی نماز کی ایک سے زائد جماعتیں بھی کی جاسکتی ہیں۔اس موقع پر مفتی محمد غیاث محی الدین نائب صدر جمعیۃ علماء کریم نگر،مولانا محمد عمرفاروق قاسمی صدر سٹی جمعیۃ علماء کریم نگر،مفتی محمد نوید سیف حسامی ایڈووکیٹ جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ کریم نگر،مفتی محمد شعیب علی قاسمی سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ،حافظ سید رضوان جنرل سکریٹری سٹی جمعیۃ علماء کریم نگر،حافظ عبدالمجید اشتیاق ،حافظ محمد اسماعیل راشد سکریٹری جمعیۃ علماء کریم نگر،اور حافظ ذیشان موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×