احوال وطن

حضرت مفتی سعید صاحبؒ پالنپوری کےانتقال پر مفتی محمد اعتماد الحق صاحب قاسمی کریم نگر کا اظہارِ تعزیت

کریم نگر: 20؍مئی (محمد عبدالحمید قاسمی)  مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری نور الله مرقدہ مورخہ ١٩؍مئی ٢٠٢٠ مطابق ٢۵ رمضان المبارک ١۴۴١ھ بروز سہ شنبہ بوقت اشراق ممبئی ایک خانگی دواخانہ میں داعیٔ أجل کو لبیک کہہ کر  اس عالم رنگ وبو کو سوگوار چھوڑ کر ہمیشہ کےلئے غروب ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی ہے
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
اللہ تعالی نے حضرت مفتی صاحب کی ذات گرامی میں وہ تمام اوصاف جو ہمارے اسلاف کےسرمایہ حیات تھے جمع فرمادئیے تھے آپکی ذات علم وحکمت کا روشن چراغ تھی وہ روشن چراغ جسکی چمکدار لو سےروشن ہونے والے چراغوں نے عالم رنگ وبو کی ہزاروں شمعیں روشن کیں،  شرورو فتن کی اس شب تاریک کی گھٹا ٹوپ و ہولناک اندھیریوں میں آج اس شمع تاباں کی سخت ضرورت تھی،آہ قضا و قدر کی آندھیوں نےاسے بجھا دیا،اف اس شمع کے پروانے کہاں جائیں، وہ زہدواتقیاء، حکمت عرفاں، اور تقدس وتقوی کا آفتاب عالمتاب غروب ہوگیا جسکی حسیں کرنوں نےنصف صدی سے زائد عالم کو جگمگایا، اس کے انوارکی چادر گلستان قاسمی پرپھیلی ہوئی تھی اور  مادرعلمی دارالعلوم دیوبند اس کی ضیاپاشیوں سےبقعہ نور بناہواتھا جس کے جلووں سے چہار دانگ عالم کو روشنی مل رہی تھی، آہ۔ وہ آفتاب عالمتاب غروب ہوگیاجسکی مثال ہزار کوششوں کے باوجود نہ مل سکےانسانی قدروں کا وہ رجل عظیم جو اپنے ملنے والوں کے دلوں پر بھی نہ مٹنے والے نقوش چھوڑ دے، گفتگو کا وہ شیریں اور مسحورکن لہجہ جسے بلا شبہ سحرکردینےوالے انداز سے تعبیر کیاجاسکتا تھا، وہ اخلاق مجسم جسکی ذات والا صفات میں خلق عظیم کے جلوے نمایاں تھے، وہ اخلاص ومروت کا پیکر، جس نے اپنوں اور بیگانوں کو اپنا دلدادہ و دیوانہ بنالیا تھا، وہ سراپا مہر شفقت جس نے ہر خاص وعام کے قلوب میں لازوال محبت کی امانت رکھدی تھی،  وہ استاد جسکی ذات پر شاگرد متفخر و نازاں تھے، وہ  مربی جسکی تربیت نے ذروں کو آفتاب بنادیاتھا، وہ ہادی ورہنماجسکی رہنمائی ودستگیری سے ہزارہا بھٹکے ہوئےمنزل مقصود تک پہنچ گئےوہ گوناگوں کمالات کا حامل جسکی آغوش تربیت نے بہت سوں کو باکمال بنادیا وہ جامع الصفات شخصیت جسکی صفات کا احاطہ دشوار ہے۔ہمیں داغ مفارقت دیگئی یتیموں کے سر سے سایہ رحمت اٹھ گیا بے قراروں قرار کیسے نصیب ہو، حسبنا اللہ ونعم الوکیل نعم مولی ونعم النصیر۔
رضیناباللہ ربا وبالاسلام دینا، وبمحمدصلی اللہ علیہ وسلم نبیا ورسولا ۔۔الہ العلمین حضرت مفتی صاحب علیہ الرحمہ کی قبر کو پر نور فرما، انکو اعلی علیین میں بلند درجات سے نواز، انکو اپنی شایان شان جزائے خیر مرحمت فرما،مادرعلمی دارالعلوم کو انکا نعم البدل عطا عنایت فرما،  ان کے اخلاف، اولاد، اور تلامذہ ومتعلقین کو صبراور اپنی رضا کی توفیق نصیب فرماکر ان سب کےدرجات  دارین میں بلند فرما۔ آمین
وصلی اللہ تعالی علی سید الکائنات وفخرالموجودات وعلی الہ وصحبہ والمومنین والمومنات وسلم تسلیما کثیراکثیرا ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×