احوال وطن

مفتی سعیداحمد صاحب پالنپوریؒ کے انتقال پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کا اظہار تعزیت

ممبئی: 19؍مئی (پریس ریلیز) دارالعلوم دیوبندکے شیخ الحدیث اورصدرالمدرسین "مفتی سعیداحمد صاحب پالنپوری”(78/سال) کاآج بروز سہ شنبہ دوران علاج ممبئی میں انتقال ہوگیا۔انا للہ وإنا إلیہ راجعون ۔ مفتی صاحب گزشتہ کئی دنوں سے بیمارچل رہے تھے اورممبئی(جوگیشوری) میں زیرعلاج تھے۔آج صبح25؍رمضان 1441ھجری بمطابق 19؍مئی 2020 داعی اجل کولبیک کہا۔
مفتی سعید احمد صاحب نے پہلے مظاہرعلوم سہارنپورمیں تعلیم حاصل کی پھر دارالعلوم دیوبندمیں۔ دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد جامعہ اشرفیہ راندیرسورت گجرات میں بحیثیت مدرس تقریبا10سالوں تک تدریسی خدمات انجام دیں۔اس کے بعد دارالعلوم دیوبندمیں استاذکی حیثیت سے تقررہوا۔دارالعلوم دیوبند میں آپ کا ترمذی شریف کا درس بہت مقبول تھا۔2008 میں اس وقت کے شیخ الحدیث مولانانصیراحمدخان صاحب رحمۃ اللہ کے انتقال کے بعدآپ دارالعلوم دیوبندکے شیخ الحدیث اور صدرالمدرسین کے عہدہ پر فائزہوئے۔آپ کاشماردنیاکے نامورمحدثین میں ہوتا تھا۔آپ کی حیثیت استاذالاساتذہ کی تھی۔ملک وبیرون ملک میں لاکھوں اہل علم آپ کے شاگرداور(بلاواسطہ یابالواسطہ)آپ کے فیض یافتہ ہیں۔آپ نے درسیات وغیردرسیات میں مختلف موضوعات پربہت ساری کتابیں تصنیف کیں ۔حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کی شہرہء آفاق کتاب حجۃ اللہ البالغہ کی شرح رحمۃاللہ الواسعۃ کے نام سے بہت مشہورہے۔
مفتی صاحب کے انتقال پر مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر ،مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر,گلزار احمد اعظمی سکریٹری قانونی امداد کمیٹی جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے نہ صرف دارالعلوم دیوبند بلکہ علمی دنیاکے لئے عظیم خسارہ بالخصوص علم حدیث کی دنیامیں بڑانقصان قرار دیا ہے۔بارگاہ الٰہی میں دعا فرمائی کہ اللہ تعالیٰ مفتی صاحب کو غریق رحمت فرمائے،قبر میں کروٹ کروٹ رحمت نازل فرمائے، اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔پسماندگان ،متعلقین اور متوسلین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔آمین ،ساتھ ہی جمعیۃ علماء کی ذیلی یونٹوں، ذمہ داران مدارس، اءمہ مساجد اور عامۃ المسلمین سے مفتی صاحب کے بلندی درجات اور ایصالِ ثواب کے اہتمام کی درخواست کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×