احوال وطن

انڈونیشیا سفارت خانہ کے ارکان کی جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے ذمہ داران سے ملاقات

دیوبند، 12؍مئی (سمیر چودھری)جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا ارشد مدنی کے ایماء اور جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی یونٹ کی کوششوں سے آج انڈونیشیا سفارت خانہ کی جانب سے ایک ڈیلیگیشن نے سہارنپور پہنچ کر جمعیۃ کی مقامی یونٹ اور مقدمات کی پیروی وقانونی امدادوسہولیات فراہم کرنے والی کمیٹی سے ملاقات کی اورلاک ڈاؤن وفارنر ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں ضلع جیل کے اندرقید وبند کی ذہنی صعوبتیں برداشت کررہے انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے ۱۹؍تبلیغی افرادکے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کی ۔ واضح رہے کہ اس وقت ضلع سہارنپور میں تبلیغی جماعت میں آئے ہوئے 59 ؍غیرملکی افرادکو لاک ڈاؤن اور فارنر ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں ضلع جیل میں رکھا گیا ہے ،مقید غیر ملکی تبلیغی افراد کا تعلق انڈونیشیا ،ملیشیا، کرغزستان ،سوڈان، مورکو، سعودی، تھائی لینڈ، فلسطین، فرانس وغیرہ سے ہے ۔نیز تقریباً 200مقامی افراد کو قرنطینہ اورکورونا وائرس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد غیرملکیوں سے تعاون کے الزام میں مختلف دفعات میں مقدمات لکھ کر جیل میں ڈالا گیا تھا جن میں سے اکثر کو مشروط ضمانت پر رہا کرالیا گیا ہے ۔بعد ازاں انڈونیشیا کے وفد نے جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کے ذمہ داران کے ہمراہ ضلع جیل پہنچ کر اپنے(انڈونیشیا) شہریوں سے ملاقات کی اور حالات کا مکمل جائزہ لیا دوران ملاقات ڈپٹی جیلر شری سریندرکمار ترپاٹھی نے بتایا کہ سبھی غیر ملکیوں کا مکمل طور پر خیال رکھا جا رہا ہے اور ان کے ساتھ ایک مجرم کی طرح برتاؤ نہ کرکے ایک مہمان کی مانند برتائو کیا جا رہا ہے قانون کے دائرہ میں رہ کر ہرطرح کی سہولیات دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس دوران انڈونیشائی سفارت خانہ کی جانب سے اپنے شہریوں کے لئے ضروریات زندگی کے سامان پر مشتمل انیس عدد پیکٹ وفد کے ذریعہ بھیجے گئے تھے جن کو ڈپٹی جیلر کے تعاون سے ملزمین تک پہنچایا گیا۔ معلوم ہو کہ ملاقات کے دوران انڈونیشائی سفارت خانہ کے تین ارکان کے علاوہ جمعیۃ علماء ضلع سہارنپور کی جانب سے قانونی سہولیات فراہم کرنے والی کمیٹی کے ذمہ دار مولانا اسعد حقانی ،حاجی شاہد زبیری اور ایڈوکیٹ مہتاب خاں (سابق ڈی جی سی )موجود رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×