علماء اور عوام کے درمیان ربط وتعلق وقت کی اہم ضرورت
کریم نگر: 7؍نومبر (محمدعبدالحمیدقاسمی) مفتی شاداب تقی کی اطلاع کے بموجب جمعیۃ الحفاظ کریم نگر کے زیر اہتمام 7 نومبر بروز پیر 11 بجے دن مکہ مسجد خان پورہ کریم نگر میں علماء کرام ،حفاظ عظام اور ائمہ حضرات کا خصوصی اجلاس مفتی اعتماد الحق قاسمی ناظم مدرسہ احسن العلوم کی سرپرستی اور حافظ احمد منقبت شاہ خان صدر جمعیۃ الحفاظ کی صدارت میں منعقد ہوا،مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا آدم مصطفی مظاہری (خلیفہ مولانا شیخ یونس جونپوریؒ) نے شرکت کی اور خدام دین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہر طرف سے مسلمانوں کو گمراہ کرنے اور علماء اور ائمہ سے بد ظن کرنے کی کوشش ہورہی ہے،الحاد وبے دینی کا سیلاب امنڈتا ہوا نظر آرہا ہے،چاروں سے اسلام اور داعیان اسلام کی شبیہ کو بگاڑ کر پیش کیاجارہا ہے،مدارس اسلامیہ پر طرح طرح کے الزامات لگائے جارہے ہیں،یہ سب حالات اس بات کے شدید ترین متقاضی ہیں کہ علماء کرام اور ائمہ مساجد کا عوام سے گہرا ربط وتعلق ہو،خصوصا مساجد کے ائمہ اپنے مصلیوں اور علاقے والوں کی خبر گیری کرتے رہیں ،ہر ایک کی خوشی اور غمی میں شرکت کریں،تبھی دونوں طرف سے تعلقات مضبوط ہوسکتے ہیں اور بے دینی کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے۔مولانا نے مزید کہا کہ خدام دین کواحساس کمتری کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ پر اعتماد ہوکر کام کرنا چاہیے،اللہ تعالیٰ نے علم کی برکت سے قیادت کا کام علماء کے سپرد کیاہے،علماء انبیاء کے وارث ہیں۔مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں مکاتب کو منظم کرنا انتہائی ضروری ہے،ہم اسی کے ذریعہ آنے والی نسل کے ایمان ویقین کی حفاظت کرسکتے ہیں۔
اجلاس میں مہمان مکرم کے ہاتھوں سے جمعیۃ الحفاظ کی نگرانی میں مکاتب کا نظام چلانے والے 60 سے زائد دیہاتوں کے معلمین میں تنخواہوں کی تقسیم عمل میں آئی ،اس موقع پر مفتی محمد یونس القاسمی ناظم مدرسہ اشرف العلوم،مولانا کاظم الحسنی ،مفتی محمد صادق حسین قاسمی،مفتی محمد عبدالحمید قاسمی،مولانا خواجہ فرقان علی قاسمی ،مولانا حیدر اسعدی،مفتی کلیم قاسمی،مفتی عبدالعلیم قاسمی،حافظ ضیاءاللہ خان نائب صدر جمعیۃ الحفاظ،حافظ وسیم الدین معتمد،حافظ صادق علی سکریٹری ،حافظ سید رضوان سکریٹری،حافظ محمد معظم حسین فیضی خازن،حافظ فرید الدین امجد نائب خازن کے علاوہ کثیر تعداد میں علماء ،حفاظ موجود تھے۔