احوال وطن

انسانی تکریم اور شرافت کاتقاضاہے کہ ہرممکن خواتین اور بچوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کیا جائے

برہان پور:6؍نومبر(پریس ریلیز) مدھیہ پردیش کے تاریخی شہربرہانپورکی دینی درسگاہ دارالعلوم شیخ علی متقی میں اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کا اکتیسواں سیمینارجاری ہے۔جس کی اب تک تین اہم علمی نشستیں منعقدہوچکی ہیں اوران شاء اللہ یہ سیمینارپیر7؍نومبرکی دوپہرتک جاری رہے گا۔ سیمینارکے افتتاحی اجلاس کے بعد پہلی نشست بعدنمازمغرب منعقدہوئی. اس موقع پر اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے جنرل سیکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں لڑکیوں کی تعلیم بے حد اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ ہم ان کے لیے محفوظ اسلامی ماحول تیار کریں، اس لئے علماء دینی مدارس اور مذہبی تنظیموں کا فریضہ ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ گرلز اسکول قائم کریں اور درس میں اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ یونیفارم مقرر کریں، تاکہ مسلمان لڑکیاں اپنی دینی شناخت کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکیں اور معاشرہ کی تعمیر میں اپنا حصہ ادا کریں۔
اس نشست کی صدارت ملک کے مایہ نازعالم دین دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذمولاناعتیق احمدبستوی صاحب نے کی اورنظامت کے فرائض مفتی اقبال احمدقاسمی کانپورنے انجام دیئے۔اس نشست کاموضوع ’’دیہاتوں میں نمازجمعہ کاقیام اوراس کے احکام ومسائل‘‘ تھا،اس موضوع پرکل 65 اہم مقالات تھے جن کاخلاصہ عرض مسئلہ کی شکل میں مفتی انورعلی اعظمی نے پیش کیا۔عرض مسئلہ کے بعد اس کے مختلف پہلوؤں پرشرکائے سیمینارنے مناقشہ کیااوردلائل کی روشنی میں اپنی قیمتی آراء کااظہارفرمایا۔اس نشست کاآغاز دارالعلوم شیخ علی متقی کے طالب علم محمدعزیزسلمہ کی تلاوت کلام پاک سے ہواجب کہ نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم محمدانس نے پیش کیا۔
سیمینارکی دوسری نشست جس کاموضوع ’’نکاح مسیارکی شرعی حیثیت ‘‘تھا،اس نشست کی صدارت ملک کے معروف عالم دین اورریاست تلنگانہ دکن کے مشہوراورصاحب نسبت بزرگ مولانامفتی صادق محی الدین نظامی جامعہ نظامیہ حیدرآبادنے کی ۔نشست کی نظامت دارالعلوم گڑھاگجرات کے استاذمولانامصطفیٰ عبدالقدوس ندوی نے کی۔نکاح مسیارکی شرعی حیثیت کے عنوان پرکل 40اہم علمی وتحقیقی مقالات تھے جس کاخلاصہ عرض مسئلہ کی شکل میں مولانامفتی ولی اللہ مجیدقاسمی اوردارالعلوم دیوبندکے استاذحدیث مفتی محبوب فروغ احمدقاسمی نے پیش کیا۔اس کے بعدحاضرین ومشارکین نے بحث میں حصہ لیااوراس پہلوکے اہم اورقیمتی نکات پردلائل کی روشنی میں گفتگوکی ۔مناقشہ میں حصہ لینے والوں میں اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولاناخالدسیف اللہ رحمانی،مولاناعتیق احمدبستوی ،مولاناجمیل احمدنذیری اورمفتی نذیراحمدکشمیری شامل ہیں۔اس نشست کاآغازدارالعلوم شیخ علی متقی کے طالب علم محمدبن فیاض قاضی کی تلاوت کلام پاک سے ہواجب کہ نعت نبی محمدزیدسلمہ نے پڑھا۔
سیمینارکی تیسری نشست کاموضوع ’’دارالقضاء کی آن لائن کارروائیاں‘‘ تھا،اس نشست کی صدارت اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا کے جنرل سکریٹری مولاناخالدسیف اللہ رحمانی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض امارت شرعیہ کے سابق صدرمفتی اوربہارکے جیدعالم دین اورفقیہ مفتی محمد جنیدعالم ندوی قاسمی پٹنہ نے کی ۔اس موضوع پراکیڈمی کوکل22 قیمتی مقالات موصول ہوئے جس کاخلاصہ عرض مسئلہ کی شکل میں آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کے درالقضاممبئی کے قاضی محمدفیاض عالم قاسمی نے پیش کیا۔عرض مسئلہ کے بعد شرکائے سیمینارنے بڑی دلچسپی کے ساتھ اس موضوع پرہونے والے مناقشے میں حصہ لیااوراس کے تمام پہلوؤں پرفنی ،تکنیکی ،علمی اورفقہی اندازسے روشنی ڈالی اورسیرحاصل گفتگوکی ۔اس نشست کے اختتام پرصدارتی خطاب سے پہلے تینوں موضوعات پرتجاویزمرتب کرنے والی کمیٹیوں کااعلان کیاگیا،اس نشست کاآغاز دارالعلوم شیخ علی متقی کے طالب علم محمدزیدابن محمداللہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جب کہ نعت جنیدالرحمن نے پیش کیا۔
سیمینارکی چوتھی نشست بعدنمازمغرب منعقدہوگی جس کاموضوع ’’ورچول کرنسی سے متعلق شرعی احکام‘‘ ہے۔اس نشست کی صدارت گجرات کے معروف عالم دین مفتی احمددیولہ ناظم جامعہ علوم القرآن جمبوسربھروچ گجرات کریں گے جب کہ نظامت کے فرائض مفتی رحمت اللہ ندوی استاذدارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ انجام دیں گے ۔اس موضوع پرکل 30 اہم علمی اورتحقیقی مقالات موصول ہوئے ہیں۔ان مقالات کاخلاصہ عرض مسئلہ کی شکل میں ڈاکٹرمفتی محمدشاہجہاں ندوی کٹولی پیش کریں گے۔اس نشست کاآغازطالب علم محمدعمیربیگ کی تلاوت کلام اللہ سے ہوگاجب کہ نعت نبی کانذرانہ سیدصائم پیش کریں گے۔اس نشست میں ڈاکٹروقارانورصاحب ایک علمی محاضرہ پیش کریں گے۔
سیمینارکی آخری نشست پیرکے دن صبح10 بجے منعقدہوگی جس میں چاروں موضوعات پرتجاویزپیش کی جائیں گی اوراس موقع پرملک کی اہم علمی وفکری شخصیات اکیڈمی اوراس کے سیمیناروں کے تعلق سے اپنے تاثرات کااظہارکریں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×