پیرس 13:؍فروری(وی او اے)فرانس میں حکام نے ایسے افراد کو کرونا ویکسین کی صرف ایک خوراک لگوانے کی تجویز دی ہے جو کرونا وائرس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ یورپی یونین میں لگائی جانے والی تینوں کرونا ویکسینز کی دو خوراکیں لگائی جاتی ہیں۔ جو کہ چند ہفتوں کے وقفے سے لگتی ہیں۔ وزارتِ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوتے ہیں۔ ان میں بالکل ویسا ہی مدافعتی نظام پیدا ہو جاتا ہے جیسا کہ کرونا ویکسین کی ایک خوراک لگائے جانے کے نتیجے میں پیدا ہوتا ہے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ ان افراد کو لگائے جانے والی کرونا ویکسین کی ایک خوراک ہی وبا کے خلاف لڑنے کے لیے کار آمد ہو گی۔ حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کرونا سے متاثر ہونے والے افراد وائرس کا شکار ہونے کے تین سے چھ ماہ کے اندر ویکسین لگوائیں۔ خیال رہے کہ فرانس پہلا ملک ہے۔ جس کی طرف سے کرونا سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے ویکسین کی صرف ایک خوراک تجویز کی گئی ہے۔