تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امتحانات سی سی کیمروں کی نگرانی میں ہوں گے، ہر لمحہ کی ہوگی فلم بندی، محکمہ تعلیم کا فیصلہ
حیدرآباد: 17؍مئی (عصرحاضر) ریاست تلنگانہ میں آئندہ ہفتہ دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہورہا ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں تقریباً 2.15 لاکھ طلبہ امتحانات میں شرکت کریں گے ۔ دیگر ریاستوں میں امتحانی پرچوں کے افشا کے پیش نظر عہدیداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ محکمہ تعلیم نے اس مرتبہ گذشتہ سال سے مختلف انداز میں امتحانات کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام امتحانی مراکز میں سی سی کیمرے نصب کرنے اور ہر لمحہ کی فلمبندی کرنے کیلئے سی سی کیمرے استعمال کرنے سے اتفاق کیا ہے ۔ محکمہ اسکولی تعلیم کے ڈائرکٹر نے تمام ضلعی عہدیدارو ں کو احکامات جاری کیا ہے ۔ تمام سنٹرس میں مقررہ وقت سے قبل سی سی کیمرے نصب کرنے اور اس کی تفصیلات روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ امتحانات کے آغاز سے قبل سی سی کیمرے کارکرد ہے یا نہیں اس کا جائزہ لینے اگر کوئی تکنیکی مسائل ہے تو اس کو دور کرلینے کی ہدایت دی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں واقع تین اضلاع حیدرآباد ، رنگاریڈی اور میڑچل میں عملہ 941 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ 604 مقامات پر ہی سی سی کیمرے ہونے کی عہدیدارو ں نے نشاندہی کی ہے ۔ ماباقی 337 مقامات پر کرایہ پر سی سی کیمرے حاصل کرتے ہوئے نصب کرنے کی عہدیدارو ں کو ہدایت دی گئی ہے ۔ امتحانی پرچوں کے افشاء اور نقل نویسی کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے دسویں جماعت کے امتحانات کو سی سی کیمروں کی نگرانی میں منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ سی سی کیمروں کو چیف سپرنٹنڈنٹ کے روم سے دیکھنے کی سہولت رہے گی ۔ پرچہ سوالات کو کھولنے سے دوبارہ سیل کرنے تک ہر منٹ کی فلمبندی کی جائیں گی ۔