آئینۂ دکن

ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کی انجمن کا سالانہ سہ روزہ مسابقتی اجلاس کا آغاز

حیدرآباد: 18؍فروری (عصر حاضر) جنوبی ہند کی بافیض دینی درسگاہ ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کی انجمن ’’انجمن تہذیب اللسان’’ کا سہ روزہ سالانہ مسابقتی اجلاس کا آج بتاریخ 18؍فروری صبح 8:15؍بجے سے آغاز ہوچکا ‘ جس کی سرپرستی ناظم ادارہ حضرت مولانا عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم فرمارہے ہیں۔ پہلی نشست میں صدارت حافظ عبدالولی عظیم رفیقی نائب ناظم جامعہ نے فرمائی۔   پہلی نشست میں عالمیت کی مختلف جماعتوں کے طلباء نے برادرانِ وطن کے ساتھ خود داری یکجہتی کی اہمیت اور ہندوستان کے انقلاب میں صوفیاء و اولیاء کا کردار کے عناوین پر اردو اور مراٹھی میں دلچسپ اور ولولہ انگیز  تقاریر پیش کیں‘ مفتی محمد صادق حسین قاسمی کریم نگری‘ مفتی محمد عبدالله قاسمی لاتوری اور مولانا ابرار محی الدین قاسمی نے حکم کے فرائض انجام دئیے۔ نشست کے اختتام پر مفتی محمد صادق حسین قاسمی کریم نگری اور مفتی عبدالله قاسمی لاتوری نے اپنے اپنے تأثرات پیش کرتے ہوئے طلباء کی تقریروں پر خوب داد دی مفتی صادق حسین قاسمی نے منتظمینِ مدرسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اشرف العلوم کے طلباء کافی عرصہ سے تقاریر میں اپنی ایک تاریخ رکھتے ہیں اور لجنۃ العلماء کے بیشتر مسابقے اس کے گواہ ہیں نیز آج بھی طلباء نے تقریر کے مواد اور انداز میں بہت محنت کی ہیں ان کی یہ محنتیں قابل تعریف اور لائق تحسین ہیں‘ اسی طرح مفتی عبدالله قاسمی نے مختلف زبانوں میں عبور حاصل کرنے پر اہمیت ڈالتے ہوئے بتلایا کہ طلباء کو چاہیے موقع کی نزاکت اور حالات کی مناسبت کا خیال رکھتے ہوئے جہاں پر ان زبانوں پر عبور حاصل کرنا ہے وہیں سامعین کے جذبات اور مزاج کا بھی خیال رکھنا ہے اور الفاظ کے استعمال میں لحاظ برتیں کہ عوام اور خواص کی زبان میں خاصہ فرق ہوتا ہے۔ دونوں حکم حضرات نے مجموعی اعتبار سے طلباء کی محنتوں کو کافی سراہا۔ مہمانِ خصوصی مولانا ولی الدین صاحب مظاہری استاذ مدرسہ فیض العلوم کی دعاء پر نشست کا اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر مولانا سید نذیر احمد یونس قاسمی ناظم انجمن نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ یہ مسابقہ 18؍ تا 19؍فروری مختلف نشستوں میں منعقد ہوگا۔ دوسری نشست بعد مغرب 7:45؍بجے تا 10؍بجے ہوگی جس میں عربی تقاریر و بیت بازی ہوگی‘ تیسری نشست 19؍فروری بروزِ چہارشنبہ صبح 8:15؍بجے تا 1:45؍منعقد ہوگی‘ جس میں طلباء اردو اور تلگو تقاریر پیش کریں گے‘ اسی دن بعد مغرب تا 10؍بجے شب انگریزی تقاریر اور مکالمہ ہوگا۔ 20؍فروری بروزِ جمعرات صبح 8:15؍بجے تا 12:45؍پانچویں نشست ہوگی جس میں مختلف عناوین پر طلباء تقاریر پیش کریں گے۔ اسی دن بعد نمازِ ظہر انعامی نشست منعقد ہوگی جس کی صدارت مفتی محمد عبدالمغنی مظاہری دامت برکاتہم سرپرست ادارۂ ہذا فرمائیں گے۔ اس نشست کے مہمانِ خصوصی حضرت مولانا خواجہ کلیم الدین اسعدی صاحب مدظلہ ناظم مدرسہ فیض العلم صدیقیہ کریم نگر کا نصیحت آموز خطاب ہوگا۔ مولانا کبیر الدین صاحب قاسمی ناظم تعلیمات‘  ناظم انجمن مولانا نذیر احمد یونس قاسمی اور نائب ناظم انجمن مولانا عبدالرشید طلحہ نعمانی و جمیع اراکین و منتظمینِ انجمن  نے سرپرستوں ‘ محبین ادارہ اور عامۃ المسلمین سے اپنے وقت کو فارغ کرکے طلباء کرام کی حوصلہ افزائی کے لیے شرکت کی درخواست کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×