
چالیس دن فجر پڑھنے والے بچوں میں منبر و محراب فاؤنڈیشن سے سا ئیکلوں کی تقسیم
صفانیوز سروس حیدرآباد (19نومبر)منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کے بانی و محرک مولانا غیاث احمد رشادی نے اطلاع دی ہے کہ ۱۸؍نومبر بروز پیر سے تحریک ترغیب نماز کا عملاً آغاز ہوگیا ہے۔ مسجد الفلاح واحد نگر، قدیم ملک پیٹ حیدرآباد میں ۱۸؍نومبر تا ۲۷؍دسمبر مسلسل چالیس دن تک بلاناغہ نماز فجر ادا کرنے والے معصوم بچوں کو بطور انعام سائیکل دی جائے گی۔ الحمدللہ ۱۲؍نومبر تا ۱۷؍نومبردوسو بیس(220) بچوں کا رجسٹریشن ہوا ہے۔ اس پروگرام میں صرف وہی بچے شریک ہورہے ہیں جن کی عمر سات سے زائد اور پندرہ سال سے کم ہو۔ اس تحریک کا مقصد یہ ہے کہ بچوں میں نمازوں کی پابندی کی عادت پیدا ہو، اگر یہ بچے فجر کی نماز کیلئے اپنی نیند قربان کرنے کے عادی ہوجائیں تو باقی نمازوں کی عادت ڈالنا آسان ہوجائے گا، دیکھا یہ جارہا ہے کہ ہماری مسجدوں میں نمازِ فجر میں شریک ہونے والوں کی تعداد بہت کم ہوتی جارہی ہے۔ اگر یہ معصوم بچے نمازِ فجر کے لئے اٹھنے لگیں تو بڑے اور سرپرست احباب کا شعور بھی جاگے گا اور وہ بھی نماز کے عادی ہوجائیں گے۔ بانی تحریک نے مساجد کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی اپنی مساجد میں تحریک ترغیبِ نماز کا سلسلہ شروع کریں اور مسجدوں کو آباد کرنے کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔ ۲۹؍دسمبر کو ملک پیٹ میں ایک انعامی اجلاس منعقد ہوگا، جس میں ان بچوں میں سائیکلیں بطور انعام دی جائیں گی۔ نیز ان بچوں کو سندِ پابندی نماز بھی دی جائے گی ۔ اس کے علاوہ بچوں کے سرپرستوں کو مومنٹوز بھی دئیے جائیں گے۔ اس اجلاس میں شہر کی مساجد کے ذمہ داران کو بھی مدعو کیاجائے گا تاکہ وہ اس تحریک کی افادیت کا مشاہدہ کریں اور اپنی مساجد میں بھی اسی طرح کی تحریک کا آغاز کرسکیں۔ جو حضرات اس نظام کے سلسلہ میں گفتگو کرنا چاہتے ہوں وہ اس نمبر9849064724پر ربط کریں ۔