ریاست و ملک

حجاب معاملہ؛ چارمینار سمیت شہر حیدرآباد کے متعدد مقامات پر برقعہ پوش طالبات کے احتجاجی مظاہرے

حیدرآباد: 9؍فروری (عصرحاضر) شہر میں بدھ کے روز ’حجاب‘ کی حمایت میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ یہ پروگرام پولیس کی سخت نگرانی میں منعقد کئے گئے۔

چارمینار پر واقع گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج اینڈ ہاسپٹل کی سو سے زائد طالبات نے دوپہر کو کیمپس میں ایک ریلی نکالی۔ برقعے پہنے طالبات نے حجاب کی حمایت اور اس کی فرقہ واریت کے خلاف پلے کارڈز اٹھائے مارچ کیا۔ ان میں سے چند ایک نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ طالبات نے کہا کہ وہ کرناٹک میں ان لڑکیوں کی حمایت میں کھڑی ہیں جنہیں حجاب پہن کر تعلیمی اداروں میں جانے کے دوران مسائل کا سامنا ہے۔

ملے پلی میں، انوار العلوم کالج کی طالبات  نے کالج کے احاطے میں مظاہرہ کیا اور کرناٹک میں مسلم لڑکیوں کی ہراسانی کی مذمت کی۔ پولیس نے نوجوانوں کو سڑکوں پر آنے سے روکا اور انہیں کیمپس تک ہی محدود کردیا۔
سعیدآباد میں اُجالے شاہ عیدگاہ میں علاقے کی خواتین کے ایک گروپ کی طرف سے اجتماعی دعائیہ اجتماع منعقد کیا گیا۔ خواتین نے ان خواتین کی حفاظت اور سلامتی کے لیے دعا کی جنہیں حجاب پہننے پر ہراساں کیا جا رہا تھا۔ دعائیہ اجتماع میں تقریباً 200 خواتین نے شرکت کی۔ عیدگاہ اُجالے شاہ گراؤنڈ کے قریب کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
×
Testing